پٹنہ، 5 ستمبر (یو این آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو )کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ انتخابات کے پیش نظر اپنی سرگرمی میں اضافہ کریں اور گھر گھر جا کر لوگوں کو حکومت کے ترقیاتی کاموں سے آگاہ کریں۔وزیر اعلیٰ نے پٹنہ ضلع کے پالی گنج بلاک کے سیکر یا گاوں میں پارٹی کارکنوں کے ساتھ ایک مکالمے کے پروگرام کے دوران کہا کہ انتخابات قریب ہیں اور یہ ضروری ہے کہ ریاست میں گزشتہ چند سالوں میں ہوئی تیز رفتار ترقی کی جانکاری عوام کے ساتھ شیئر کی جائے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ انتخابات سے پہلے سرگرمی سے کام کریں اور لوگوں کو حکومت کے کاموں اور اسکیموں سے آگاہ کرنے کا مشورہ دیا۔
مسٹر کمار نے کہا کہ بہار میں ان سے پہلے کی حکومتیں ناکام ہو چکی تھیں اور نومبر 2005 میں این ڈی اے حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد ترقی کا آغاز ہوا۔مسٹر کمار نے کہا کہ ان کی حکومت نے ریاست میں نظم ونسق برقرار رکھنے او ر ہرشعبے کی ترقی کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔مسٹر کمار نے کہاکہ شروع سے ہی ان کی حکومت نے تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی ہے، جس میں سڑکوں اور پلوں کی بڑے پیمانے پر تعمیر سے کنیکٹوٹی میں بدلاﺅ آیا ہے ۔ انہوں نے کارکنوں کو یاد دلایا کہ بجلی، پائپ سے پانی، بیت الخلا اور پکی سڑکیں سات نشچے پروگرام کے تحت ہر گھر تک پہنچ چکی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے 2020 تک 10 لاکھ سرکاری نوکریاں اور 10 لاکھ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اب تک 10 لاکھ نوکریاں اور 39 لاکھ روزگار کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ انتخابات سے قبل 50 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو نوکری اور روزگار فراہم کیا جائے گا اور اگلے پانچ سالوں میں ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔