نئی دہلی، 30 دسمبر (یو این آئی) گیتانجلی انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی جانب سے پیر کو قومی راجدھانی میں پانچویں ‘سورداس مہوتسو’ کا انعقاد کیا گیا۔فاؤنڈیشن کی طرف سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق اس پروگرام کا اہتمام انڈیا انٹرنیشنل سینٹر کے سی ڈی دیش مکھ آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، جو 16ویں صدی کے عظیم سنت سورداس کو وقف کیا گیا تھا۔ اس میں ہندوستانی کلاسیکی رقص اور موسیقی کے ذریعے ان کے روحانی اور فنکارانہ ورثے کی نمائش کی گئی۔
اس موقع پر اتر پردیش کے ڈیری ڈیولپمنٹ، حیوانات اور ماہی پروری کے وزیر لکشمی نارائن نے کہا کہ سنت شرومنی سورداس کی لازوال شاعری ہمیں بھگوان شری کرشن کے لیے عقیدت اور محبت کی گہرائی کی یاد دلاتی ہے۔ عظیم شاعر سورداس مہوتسو جیسے فیسٹول ہماری روایات کی بڑھانے اور نئی نسلوں کو عقیدت اور فن کے جوہر کو اپنانے کی ترغیب دیتے ہیں۔
مہوتسو کی بانی گیتانجلی شرما نے کہا، "سورداس مہوتسو سنت سورداس کی قیمتی عقیدت اور علم کو حقیقی خراج عقیدت ہے۔ "موسیقی اور رقص کی عالمگیر زبان کے ذریعے ہم ان کی شاعرانہ میراث کو آنے والی نسلوں کے قریب لانے کی کوشش کرتے ہیں۔”
فیسٹیول کا آغاز مشہور کتھک گرو ودوشی اوما ڈوگرا کی شاگردوں دیکشا راوت اور کارتیکا اننی کرشنن کی پرفارمنس کے ساتھ ہوا۔معروف بھرتناٹیم آرٹسٹ راما ویدیا ناتھن نے روایتی ورنام پر مبنی اپنی سولو پرفارمنس دی۔میلے کا دوسرا مرحلہ 6 جنوری 2025 کو متھرا کے سورداس سادھنا اسٹال میں منعقد ہوگا، جس میں ہندوستانی کلاسیکی آرٹ کا ایک اور شاندار سنگم نظر آئے گا۔