نئی دہلی/جھانسی: اترپردیش کے جھانسی کے مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج کے بچوں کے وارڈ میں جمعہ کی رات کو زبردست آگ لگ گئی۔ حادثے میں 10 نومولود بچوں کے جھلس کر ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ بچوں کے وارڈ میں سلنڈر پھٹنے سے زبردست آگ بھڑک اٹھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان مرنے والے بچوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ فائر بریگیڈ کی چھ گاڑیاں موقع پر موجود ہیں۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق رات پونے گیارہ بجے کے قریب بچوں کے وارڈ سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔ وہاں موجود لوگوں نے شور مچا دیا۔ اس سے پہلے کہ کوئی کچھ سمجھتا آگ کے شعلے اٹھنے لگے۔ تھوڑی ہی دیر میں آگ نے وارڈ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ وہاں بھگدڑ مچ گئی۔نومولود کو باہر نکالنے کی کوشش کی گئی تاہم دروازے پر دھویں اور شعلوں کی وجہ سے نومولود کو بروقت باہر نہ نکالا جا سکا۔ کچھ دیر بعد جب فائربریگیڈ کی گاڑیوں کے پہننچے کے بعد نومولود بچوں کو باہر نکالا جا سکا۔ خبر لکھے جانے تک وارڈ سے 10 نومولود بچوں کی لاشیں نکالی جا چکی تھیں۔ موقع پر اہل خانہ کا رونا دھونا مچ گیا ہے۔خبر لکھے جانے تک امدادی کام جاری تھا۔
ادھرضلع مجسٹریٹ سمیت تمام انتظامی اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ فائر بریگیڈ کی گاڑی موقع پر پہنچ گئی ہے۔ میڈیکل کالج کی بجلی کاٹ دی گئی ہے۔ اب تک 30 سے زائد بچوں کو بچا کر بحفاظت باہر نکالا جا چکا ہے۔ سی ایم یوگی نے 12 گھنٹے کے اندر واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کو کہا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ آگ لگنے کے بعد یہاں داخل مریضوں اور کئی بچوں کو کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر باہر نکالا گیا۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام کو موقع پر جانے کی ہدایت دی ہے۔
معلومات کے مطابق جھانسی میڈیکل کالج کے بچوں کے اسپتال میں جمعہ کی رات آگ لگ گئی۔ آتشزدگی کے واقعے کے بعد اسپتال میں کہرام مچ گیا۔ اطلاع ملتے ہی اعلیٰ افسران اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ آگ لگنے کے بعد وارڈ میں موجود ڈاکٹروں، طبی عملے اور اٹینڈنٹ نے بچوں کو بچا لیا۔ آگ لگنے کے بعد پورا وارڈ دھویں سے بھر گیا۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے مرنے والے بچوں کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال لے جائیں اور انہیں مناسب علاج فراہم کیا جائے۔ اس کے ساتھ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔
وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کے افسران اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو موقع پر پہنچ کر امدادی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔سی ایم کی ہدایت پر نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک اور محکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹری جھانسی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ اس معاملے میں کمشنر اور ڈی آئی جی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حادثے کی تحقیقات کریں اور بارہ گھنٹے کے اندر رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کریں۔
یوگی کی ہدایت پر نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک اور پرنسپل سکریٹری صحت جھانسی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے جھانسی کے کمشنر اور ڈی آئی جی کو واقعہ کی تحقیقات کرنے اور 12 گھنٹے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔











