شملہ،(یو این آئی) ہماچل پردیش میں لوک سبھا انتخابات اور اسمبلی ضمنی انتخابات میں امیدوار کھڑے کرنے کے بعد جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلا رہی ہے وہیں کانگریس پارٹی تمام سیٹوں پر ٹکٹوں کی تقسیم میں الجھی ہوئی ہے اور اس کے لیڈر الیکشن کی تیاریوں کی میٹنگ تک ہی محدود ہیں۔بی جے پی کے امیدوار ریاست کی چار لوک سبھا سیٹوں اور چھ اسمبلی سیٹوں پر انتخابی مہم میں پسینہ بہا رہے ہیں۔ بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کے انتخابی میدان میں اترنے کے بعد منڈی ایک ہاٹ سیٹ بن گئی ہے۔ منڈی پارلیمانی حلقہ میں کنگنا کی طوفانی انتخابی مہم دیکھنے کو مل رہی ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر جے رام ٹھاکر اپنی انتخابی مہم کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔ ریاستی بی جے پی کے دیگر بڑے لیڈروں نے بھی اپنی پوری طاقت انتخابی مہم میں جھونک دی ہے۔
دوسری طرف ریاست میں برسراقتدار کانگریس پارٹی انتخابی تیاریوں کے لیے میٹنگوں تک ہی محدود رہ گئی ہے۔ کانگریس ابھی تک کسی بھی سیٹ پر امیدواروں کا اعلان نہیں کر پائی ہے۔ کانگریس لیڈر انتخابی مہم سے دور ہیں اور صرف میٹنگوں میں الجھے ہوئے ہیں۔
بلاشبہ ریاست میں لوک سبھا انتخابات آخری مرحلے میں یکم جون کو ہونے والے ہیں، جس کے لیے ابھی دو مہینے باقی ہیں۔ لیکن بی جے پی نے اپنے سرکردہ لیڈروں کو انتخابی جنگ میں اتار کر نفسیاتی برتری حاصل کر لی ہے۔ بی جے پی کی انتخابی مہم پوری ریاست میں زور پکڑ رہی ہے۔ ساتھ ہی کانگریس حکومت کے وزراء اور پارٹی کے اعلیٰ لیڈران اپنے دفاتر تک محدود ہیں۔ کانگریس کی انتخابی مہم شروع نہ ہونے کی وجہ سے پارٹی کارکنان مایوسی ہو رہے ہیں۔
بی جے پی نے 13 مارچ کو ہمی پور اور شملہ لوک سبھا سیٹوں اور 24 مارچ کو منڈی اور کانگڑا سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔ چھ اسمبلی سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان 26 مارچ کو کیا گیا تھا۔ تمام سیٹوں پر بی جے پی کے امیدواروں کو فائنل کرنے کے نو دن بعد بھی کانگریس میں ٹکٹوں کے تعلق سے کنفیوژن ہے۔
کانگریس لیڈروں کی مانیں تو چاروں لوک سبھا سیٹوں کے امیدواروں کی فہرست جلد ہی جاری کی جا سکتی ہے۔ دہلی میں ہونے والی مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔ ان دنوں کانگریس پارٹی ریاست میں اپنے امیدواروں کا فیصلہ کرنے کے لیے ایک آزاد ایجنسی کے ذریعے عوام کے رائے معلوم کر رہی ہے۔
کانگریس میں منڈی لوک سبھا سیٹ سے پرتیبھا سنگھ، شملہ سے دیال پیاری اور بی جے پی کے سابق ایم پی وریندر کشیپ، ہمیر پور سے سابق ایم ایل اے ستپال رائے زادہ اور کانگڑا سے سابق وزیر آشا کماری کے نام زیر بحث ہیں۔
اسمبلی ضمنی انتخابات کے لیے امیدواروں کا فیصلہ کرنے کے لیے، کانگریس اپنے لیڈروں کو جیتنے کی صلاحیت، تنظیم کے تئیں لگن اور بے داغ شبیہ کے پیمانے پر جانچ رہی ہے۔ بی جے پی نے چھ اسمبلی حلقوں میں کانگریس کے باغی سابق ایم ایل اے کو ٹکٹ دیا ہے۔ جن امیدواروں نے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا وہ اس سے ناراض ہیں۔ کانگریس بی جے پی کے ان ناراض لیڈروں پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔ خاص طور پر لاہول اسپتی میں کانگریس سے بی جے پی میں آنے والے سابق ایم ایل اے روی ٹھاکر کو ٹکٹ دینے کے بعد بی جے پی سابق وزیر ڈاکٹر رام لال مارکنڈا کو راضی نہیں کر پائی ہے۔ ایسے میں کانگریس انہیں ٹکٹ بھی دے سکتی ہے۔