کلکتہ 27فروری (یواین آئی) ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے آج کلکتہ کے نیتا جی انڈور اسٹیڈیم میں رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کے اندر ”غداروں کو بے نقاب کرتے رہیں گے”۔انہوں نے کہا کہ ان کے بی جے پی میں شامل ہونے یا پھر اپنی پارٹی کی تشکیل کی خبر میں کوئی سچائی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی میں نے پارٹی کو دھوکہ دینے والوں کی نشاندہی کی تھی، مکل رائے سے لے کر سوبھندو ادھیکاری تک۔ آنے والے دنوں میں بھی یہی کروں گا۔ میں ایسے لوگوں کی شناخت کروں گا۔انہوں نے کہا کہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ ابھیشیک بنرجی بی جے پی میں جائیں گے یا نئی پارٹی بنائیں گے۔ کٹے ہوئے سر کے ساتھ بھی میں کہوں گا، (وزیر اعلیٰ) ممتا بنرجی زندہ باد۔ ان دنوں جو کچھ بھی خبروں میں آرہا ہے وہ سراسر جھوٹ ہے۔ابھیشیک بنرجی نے کہا کہ جو لوگ نچلی سطح پر کام کر رہے ہیں وہ پارٹی کا اثاثہ ہیں۔ لیکن ایسے لیڈر، بلاک صدور، اور دوسرے ہیں جو اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ایم پی یا ایم ایل اے ہونے کی وجہ سے وہ اقتدار پر قابض ہوں گے۔ اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔“
ڈائمنڈ ہاربر سے ممبر پارلیمنٹ جو ممتا بنرجی کے بھتیجے بھی ہیں نے کہا کہ ”سازش کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ جو لوگ واٹس ایپ گروپ کی سیاست میں مصروف ہیں انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ایسا کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ جو لوگ سازش کر رہے ہیں وہ خود متاثر ہوں گے۔بہت سے لیڈر پارٹی ڈسپلن کی پیروی نہ کرتے ہوئے میڈیا میں باتیں کررہے ہیں۔ ایسا نہ کریں۔ جن لوگوں نے یہ کیا ہے ان کی شناخت کر لی گئی ہے،“ ابھیشیک بنرجی نے کارکنوں اور لیڈروں سے کہا کہ وہ اگلے سال اسمبلی انتخابات کی تیاری کریں اور294میں سے 215سیٹوں پر کامیابی کو یقینی بنائیں۔”اگلے سال اپنے اختلافات کو بھلا کر لوگوں کے لیے کام کرنے پر توجہ دیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگ فلاحی اسکیموں کا فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کو عملی طور پر ابھی تین سے چار مہینے باقی ہیں کیونکہ تہوار، مانسون اور امتحانات ہیں۔ ہمیں اب انتخابی تیاریاں شروع کرنا چاہیے۔ ہمیں 2021 میں ملنے والی نشستوں سے کم از کم ایک اور سیٹ یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ ہمیں کم از کم 215 سیٹوں کو یقینی بنانا چاہیے،‘۔
ریاستی اسکول نوکریوں کے گھوٹالے کے سلسلے میں سی بی آئی کی تیسری چارج شیٹ میں اپنے نام کے بارے میں ممبر پارلیمنٹ نے کہاکئی صفحات کی اپنی چارج شیٹ میں، سی بی آئی نے میرا نام دو جگہوں پر رکھا ہے۔ لیکن پتہ نہیں اور کچھ بھی نہیں۔ یہ میں نے پانچ سال پہلے کہا تھا، اب کہہ رہا ہوں۔ اگر یہ ثابت ہو گیا کہ میں نے کسی غیر قانونی طریقے سے رقم حاصل کی تو میں خود کو پھانسی پر لٹکا دوں گا۔ سی بی آئی نے مجھے بلایا تھا اور میں دہلی کے دفتر گیا جہاں میں نے 10 گھنٹے گزارے۔ میں ایجنسی سے نہیں ڈرتا۔