نئی دہلی (یو این آئی) سپریم کورٹ نے 2020 کے دہلی فسادات کی سازش کے معاملے میں چھ ملزمان عمر خالد، شرجیل امام، گلفشاں فاطمہ، میران حیدر، شاداب احمد اور محمد سلیم خان کی طرف سے دائر ضمانت کی درخواستوں پر بدھ کے روز اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔جسٹس اروند کمار اور جسٹس این وی انجاریا پر مشتمل ڈویژن بنچ نے ضمانت کی عرضی پر طویل سماعت مکمل کی۔ ڈویژن بنچ نے واضح کیا کہ عدالت 19 دسمبر سے شروع ہونے والی موسم سرما کی چھٹیوں سے قبل اس معاملے کا فیصلہ کرنا چاہتی ہے، اس لیے فریقین کو 18 دسمبر تک تمام دستاویزات تیار کرنے اور پیش کرنے کی ہدایت دی۔
سماعت کے دوران، دہلی پولیس کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے دلیل دی کہ ایک سازش کنندہ کی کارروائیوں کو دوسرے سے منسوب کیا جا سکتا ہے، یہ عرض کرتے ہوئے کہ شرجیل امام کی تقاریر کو عمر خالد کے خلاف بھی ثبوت سمجھا جا سکتا ہے۔جب اے ایس جی نے جے این یو میں مبینہ طور پر "ٹکڑے-ٹکڑے” نعرے بازی پر درج 2016 کی ایف آئی آر پر اعتماد ظاہر کیا تو بنچ نے اس کی معنویت پر سخت اعتراض کیا۔
بنچ نے پوچھا کہ "آپ 2020 میں ہونے والے فسادات کے لیے پہلے کی ایف آئی آر کیوں دکھا رہے ہیں؟ اس کا اس سے کیا تعلق ہے؟”عدالت نے دونوں فریقوں سے پیش کیے جانے والے دستاویزات کی حد سے زیادہ تعداد پر بھی تشویش ظاہر کی۔جسٹس اروند کمار نے تبصرہ کیا ”ایسا لگتا ہے کہ آپ کے مؤکل نے جج کو قائل کرنے یا جج کو الجھانے کی پالیسی اپنائی ہے۔”بنچ نے دونوں فریقوں کو ہدایت دی کہ وہ تمام مواد کی واحد اور جامع فائل 18 دسمبر سے پہلے پیش کریں۔اے ایس جی راجو نے عرض کیا کہ تاخیر کے لیے استغاثہ ذمہ دار نہیں ہے اور ملزمان مزید ثبوت کے انتظار پر اصرار نہیں کر سکتے ہيں۔
انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ عمر خالد جان بوجھ کر فسادات سے پہلے خود کو واقعات سے دور رکھنے کے لیے دہل چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ ملزمان نے انکرپٹڈ پلیٹ فارم استعمال کیے ہیں۔ عمر خالد اور دیگر دہلی پروٹسٹ سپورٹ گروپ (DPSG) کی اہم شخصیات تھے، بعد میں اس گروپ کی بات چیت کو حذف کر دیا گیا تھا۔ یہ سازش بہت پہلے شروع ہوئی تھی، اور ان کی تقاریر ان کے ارادے کی نشاندہی کرنے والے شواہد کا حصہ ہیں۔یو اے پی اے سیکشن 15 (دہشت گردانہ کارروائی) کے اطلاق پر بنچ نے پوچھا کہ تقریروں کو پرتشدد کارروائیوں سے کیسے جوڑا جا سکتا ہے؟اس پر اے ایس جی نے جواب دیا، "تقریر کی نتیجے میں کارروائی ہوئی، ان کی تقریر سے پتہ چلتا ہے کہ معاشی تحفظ متاثر ہوگا۔ ان کی سازش پیٹرول بم کا استعمال کرنا اور بڑے پیمانے پر واقعات کو ہوا دینا تھی۔”
ملزمان نے اپنی ضمانت کے خلاف دہلی ہائی کورٹ کے 2 ستمبر کے حکم کو چیلنج کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے ان کی درخواستوں پر 22 ستمبر کو نوٹس جاری کیا تھا۔یہ مقدمہ فروری 2020 کے دہلی فسادات کے پیچھے مبینہ سازش سے متعلق ہے، جس کے نتیجے میں 53 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔اس معاملے میں ابتدائی ایف آئی آر دہلی پولس کے اسپیشل سیل نے آئی پی سی اور یو اے پی اے کے تحت درج کی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے کے لیے مربوط منصوبہ بنایا گیا تھا۔عمر خالد کو ستمبر 2020 میں گرفتار کیا گیا تھا، جس پر سازش، فسادات اور یو اے پی اے کے تحت جرائم کا الزام لگایا گیا تھا، اور شرجیل امام کے خلاف متعدد ریاستوں میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔معاملے میں دلائل کی سماعت مکمل ہونے کے بعد، سپریم کورٹ 18 دسمبر کو از سرنو مرتب دستاویزات حاصل کرنے کے بعد اپنا فیصلہ سنائے گی۔19 دسمبر کو موسم سرما کی تعطیلات کے لیے عدالت کے بند ہونے سے پہلے اس معاملے کا فیصلہ متوقع ہے۔











