نئی دہلی، 18 مئی (یو این آئی) کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جو کہتے ہیں وہ نہیں کرتے اور انہوں نے اپنے 10 سال کے دور اقتدار میں چھوٹے تاجروں کے مفاد میں کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ہفتہ کو یہاں چاندنی چوک علاقے میں کانگریس امیدوار جے پی اگروال کی حمایت میں منعقد ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ مسٹر مودی اپنے وعدے پورے نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے ہر سال 02 کروڑ نوکریاں دینے کی بات کی لیکن روزگار فراہم کرنے کے بجائے چھوٹے تاجروں کے مفاد میں کوئی قدم نہیں اٹھایا جو کہ روزگار فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا، "گزشتہ 10 سال میں وزیر اعظم نریندر مودی نے چھوٹے تاجروں کے لیے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے نوٹ بندی کی، چھوٹے تاجروں کو نقصان اٹھانا پڑا۔ غلط جی ایس ٹی لاگو کیا تو بہت سے کاروبار بند ہو گئے۔ چھوٹے تاجروں اور کسانوں کا ایک روپیہ بھی معاف نہیں کیا، لیکن ارب پتیوں کا 16 لاکھ کروڑ کا قرض معاف کر دیا۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی وعدے پورے نہیں کرتے، لیکن کانگریس جو گارنٹی دیتی ہے اسے پورا کرتی ہے۔انہوں نے مودی حکومت پر ان کی رہائش گاہ چھیننے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے میرا گھر چھین لیا، میں نے ان سے کہا – میں لوگوں کے دلوں میں رہتا ہوں، مجھے آپ کے گھر کی ضرورت نہیں ہے، میں 4 ہزار کلومیٹر پیدل چل کر آیا ہوں۔ نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھولی ہے۔