نئی دہلی، 9 اکتوبر(یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کی رات دیر گئے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو سے بات کی اور انہیں غزہ امن منصوبے میں پیش رفت اور یرغمالیوں کی رہائی پر مبارکباد دی۔ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں مسٹر مودی نے کہا کہ انہوں نے اپنے اسرائیلی ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات کی۔انہوں نے کہا کہ "میں نے اپنے دوست وزیر اعظم نیتن یاہو کو صدر ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کے تحت ہونے والی پیش رفت پر مبارکباد دینے کے لیے فون کیا۔ ہم یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ کے لوگوں کے لیے انسانی امداد میں اضافے کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ہم نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کسی بھی شکل میں دنیا میں کہیں بھی ناقابل قبول ہے”۔
قابل ذکر ہے کہ مسٹر مودی نے اس سے قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر بات کی تھی اور انہیں تاریخی غزہ امن منصوبے کی کامیابی پر مبارکباد دی تھی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں مسٹر مودی نے کہاکہ "میرے دوست صدر ٹرمپ سے بات ہوئی اور انہیں تاریخی غزہ امن منصوبے کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ تجارتی بات چیت میں ہونے والی اچھی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ آنے والے ہفتوں میں اس معاملے پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا”۔
قابل ذکر ہے کہ اگست کے اوائل میں ہندوستان کے ساتھ تجارتی معاہدہ نہ ہونے کی وجہ سے امریکہ نے ہندوستانی برآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا تھا اور بعد میں مسٹر ٹرمپ نے تعزیری اقدام کے طور پر روس سے تیل کی درآمد پر 25 فیصد اضافی ٹیرف لگا دیا تھا۔ وزیر اعظم نے اس دوران کہا ہے کہ ہندوستان اپنے کسانوں، ماہی گیروں اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے مفادات کے خلاف سمجھوتہ نہیں کرے گا۔یہ پہلا موقع ہے جب مسٹر مودی نے سابقہ امریکی تجارتی کارروائی کے بعد ٹرمپ کے ساتھ تجارت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ دونوں فریقوں نے تجارتی معاہدے کے حوالے سے سرکاری اور وزارتی سطح پر کئی دور کی میٹنگیں کیں۔ امریکہ ہندوستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے، جہاں ہندوستان سالانہ تقریباً 87 بلین ڈالر مالیت کا سامان برآمد کرتا ہے۔












