نئی دہلی (یو این آئی) وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے دہشت گردی کو سنگین خطرہ بتاتے ہوئے دنیا سے اس کے لیے عدم رواداری کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا اور زور دے کر کہا کہ دہشت گردی پر کوئی لیپا پوتی نہیں کی جا سکتی ہے۔ ڈاکٹر جے شنکر نے بدلتے ہوئے حالات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے کام کاج میں اصلاحات کی بھی پرزور وکالت کی۔ انہوں نے عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال کے درمیان سپلائی کے خطرات کو بھی اجاگر کیا۔
روس کے دارالحکومت ماسکو میں منگل کے روز شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تنظیم دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کی برائیوں سے نمٹنے کے لیے قائم کی گئی تھی، لیکن یہ خطرات برسوں کے دوران مزید بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے دہشت گردی کے تئيں اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں زیرو ٹالرنس کا موقف اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسے کسی بھی طرح سے جائز قرار نہیں دیا جا سکتا ہے اور اس معاملے پر کوئی لیپا پوتی نہیں کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے دہشت گردانہ حملوں کے جواب میں اپنے عوام کے دفاع کا حق استعمال کیا ہے۔انہوں نے کہا، "ہمیں یہ کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ ایس سی او کی بنیاد دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کی تین برائیوں سے نمٹنے کے لیے رکھی گئی تھی۔ یہ خطرات برسوں کے دوران مزید سنگین ہو گئے ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ دنیا دہشت گردی پراس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ کرے۔












