غزہ: غزہ میں اسرائیلی بمباری مسلسل جاری ہے اور غزہ کے اسپتالوں میں ہر گھنٹے میں تقریباً 15 شہیدوں کو لایا جا رہا ہے۔غزہ دفترِ اطلاعات کے مطابق اسپتالوں میں ہر منٹ میں تقریباً 1 زخمی لایا جا رہا ہے، جبکہ اوسطاً ہر گھنٹے میں 6 بچے اور 5 خواتین شہید ہو رہی ہیں۔ غزہ دفترِ اطلاعات کے مطابق غزہ کی تقریباً 70 فیصد آبادی مسلسل بم باری سے بے گھر ہونے پر مجبور ہوئی اور غزہ پر بمباری میں اسرائیل نے تقریباً 30 ہزار ٹن بارودی مواد استعمال کیا۔
غزہ دفترِ اطلاعات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ غزہ میں فی کلومیٹر اسکوائر پر اسرائیل نے اوسطً 82 ٹن بارود استعمال کیا اور غزہ کے آدھے اسپتال اور 62 فیصد بنیادی ہیلتھ کیئر سینٹرز غیر فعال ہو چکے ہیں۔غزہ دفترِ اطلاعات کے مطابق غزہ کی 50 فیصد عمارتیں اسرائیلی بمباری اور چھاپوں سے تباہ ہوچکی ہیں، جبکہ 10 فیصد مکانات ناقابلِ رہائش ہو چکے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے اوپر چلی گئی ہے، مرنے والوں میں 4 ہزار سے زیادہ بچے اور 2600 خواتین شامل ہیں۔اس درمیان تازہ اطلاع یہ ہے کہ اسرائیل نے غزہ کے القدس اور کمال عدوان اسپتال کے نزدیک بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ جنگ میں 34 اسپتال اور 16طبی مراکز اسرائیلی بمباری اور ایندھن کی کمی کے سبب غیرفعال ہیں۔دوسری جانب فلسطینی پریزنر سوسائٹی کا کہنا ہے کہ اسرائیل مغربی کنارے سے اب تک 2 ہزار 150 فلسطینیوں کو اغوا کرچکا ہے۔علاوہ ازیں ترکیے کے دارالحکومت انقرہ میں امریکی وزیرِ خارجہ کے دورے کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے اوپر چلی گئی ہے، مرنے والوں میں 4 ہزار سے زیادہ بچے اور 2600 خواتین شامل ہیں۔