سیتامڑھی، شیوہر(یواین آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیر کو کہا کہ ریاست میں صنعتیں قائم کرنے کے لیے صنعت کاروں کو خصوصی اقتصادی پیکیج فراہم کیا جا رہا ہے، جس سے انہیں خاطر خواہ مدد ملے گی۔وزیر اعلیٰ مسٹر کمار نے آج سمردھی یاترا کے دوران سیتامڑھی کے ہت نارائن ہائی اسکول، چندولی اور شیوہر کے کسان میدان میں ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیا۔جائزہ اجلاس کے دوران سیتامڑھی کے ضلع مجسٹریٹ رچی پانڈے اور شیوہر کی ضلع مجسٹریٹ مسز پرتیبھارانی نے پرگتی یاترا سے متعلق منصوبوں، سات نشچئے۔2 اور سات نشچئے۔3 کے تحت چلائی جا رہی اسکیموں کے نفاذ سے متعلق تفصیلی جانکاری پریزنٹیشن کے ذریعے وزیر اعلیٰ کو دی۔
اس موقع پر اضلاع میں جاری دیگر ترقیاتی کاموں سے بھی وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ مسٹر کمار نے کہا کہ ریاست میں صنعتیں قائم کرنے اور خود روزگار اختیار کرنے والوں کو مختلف سہولیات فراہم کر کے حکومت ان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں صنعت لگانے کے لیے صنعت کاروں کو خصوصی اقتصادی پیکیج دیا جا رہا ہے، جس سے ریاست میں صنعت قائم کرنے والوں کو بڑی مدد ملے گی۔ صنعتوں کے قیام کے لیے تمام اضلاع میں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ریاستی حکومت کا مقصد ہے کہ بہار میں صنعتوں کو مزید فروغ دیا جائے، ریاست کے نوجوان ہنر مند اور خود کفیل بنیں، انہیں زیادہ سے زیادہ روزگار ملے اور ان کا مستقبل محفوظ ہو۔وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ پرگتی یاترا سے متعلق جن منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے، ان پر تیزی سے عمل درآمد کیا جائے۔ سات نشچئے-2 کے تحت جاری منصوبوں کو بہتر انداز میں نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سات نشچئے-3 کے تحت طے شدہ منصوبوں پر بھی موثر طریقے سے کام شروع کیا جائے۔ افسران پوری وابستگی اور حساسیت کے ساتھ منصوبوں کو تیزی سے مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مفاد میں کام کر رہی ہے اور اسی مقصد کے تحت متعدد اسکیمیں چلائی جا رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے آئندہ پانچ برسوں میں ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار اور ملازمت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔وزیر اعلیٰ مسٹر کمار نے کہا کہ ریاست کو ملک کی سب سے زیادہ ترقی یافتہ ریاستوں کی صف میں شامل کرنے کے لیے سات نشچئے۔3 کے پروگرام نافذ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سات نشچئے۔3 کے ساتویں نشچئے ”سب کا سمان۔زندگی آسان“ کا بنیادی مقصد ریاست کے تمام شہریوں کی روزمرہ زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کو کم کر کے ان کی زندگی کو مزید سہل بنانا ہے۔ اس سمت میں حکومت مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ حساسیت کے ساتھ منصوبوں پر عمل درآمد کریں تاکہ بہار کو ملک کی سب سے ترقی یافتہ ریاستوں کی صف میں شامل کیا جا سکے۔
جائزہ اجلاس میں آبی وسائل و پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، ترقیاتی کمشنر مہیر کمار سنگھ، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ونئے کمار، متعلقہ محکموں کے ایڈیشنل چیف سکریٹریپرنسپل سکریٹری سکریٹری، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری کمار روی، ترہت ڈویژن کے کمشنر گریور دیال سنگھ، چمپارن رینج کے ڈی آئی جی چندن کشواہا، سیتامڑھی کے ضلع مجسٹریٹ رچی پانڈے، شیوہر کی ضلع مجسٹریٹ مسزپرتبھا رانی، سیتامڑھی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ امت رنجن، شیوہر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ شوبھانک مشرا سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔












