پٹنہ: سابق مرکزی وزیر اور راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی کے صدر پشوپتی کمار پارس نے بی جے پی کی قیادت والے اتحاد این ڈی اے کو چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔پارس نے کہا "میں اعلان کرتا ہوں کہ آج تک ہم این ڈی اے کا حصہ تھے، ہم این ڈی اے کے ساتھ تھے، آج کے بعد سے، ہم این ڈی اے کے اتحادی نہیں ہیں”۔پشوپتی کمار پارس لوک جن شکتی پارٹی کے رہنما رام ولاس پاسوان کے بھائی ہیں2024 کے لوک سبھا انتخابات میں، معاہدے کے ایک حصے کے طور پر، ایل جے پی کے دوسرے دھڑے، یعنی چراغ پاسوان کی پارٹی ایل جے پی آر کو بہار میں چھ سیٹوں پر انتخاب لڑنے کا موقع ملاتھا۔
اس وقت پشوپتی کمار پارس کی حاجی پور سیٹ بھی ان سے چھین کر ان کے بھتیجے اور رام ولاس پاسوان کے بیٹے چراغ پاسوان کو دے دی گئی تھی۔اس کے ایک دن بعد ہی پارس نے مرکزی وزیر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھااور بی جے پی پر ناانصافی کا الزام لگایاتھا۔
یاد رہے کہ2019 کے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی کے بعد پارس کو مرکزی حکومت میں وزیر بنایا گیاتھا۔پشوپتی پارس کو فوڈ پروسیسنگ کی وزارت بھی ملی تھی، جو پہلے رام ولاس پاسوان کے پاس تھی۔سال 2020 میں رام ولاس پاسوان کی موت کے بعد ان کی پارٹی کے دو دھڑوں کے درمیان لڑائی شروع ہوگئی۔ایک طرف ان کے بیٹے چراغ پاسوان تھے جو بمبئی کی فلمی دنیا سے سیاست میں آئے تھے اور دوسری طرف پشوپتی کمار پارس تھے۔اس تنازعہ میں رام ولاس کی لوک جن شکتی پارٹی سال 2021 میں دو حصوں میں بٹ گئی۔