نئی دہلی(ایجنسیاں)شمالی ہندوستان میں موسم سرما کی شدت بڑھ رہی ہے، جہاں آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری سیلسیس تک کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی-این سی آر، پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش سمیت دیگر ریاستوں میں شدید سردی پڑنے والی ہے۔ دہلی میں کہرے کی موٹی تہہ نے سردی میں اضافہ کردیا ہے اور درجہ حرارت 12 ڈگری تک گر گیا ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے مختلف حصوں میں برفباری کی توقع ہے، جبکہ چمبا، کلو، منڈی اور کنور کے علاقوں میں 30 دسمبر سے 2 جنوری کے دوران شدید سردی کی لہر دیکھی جا سکتی ہے۔
اتر پردیش میں بھی موسم مزید سرد ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، یوپی کے چند علاقوں میں ہلکی بارش ہوگی، اور درجہ حرارت میں 6 ڈگری تک کمی ہو سکتی ہے۔ بارش کے بعد موسم خشک ہوگا لیکن سردی کی شدت بڑھ جائے گی۔
کشمیر میں اس وقت سخت ترین سردی کا دورانیہ ‘چلہ کلاں’ جاری ہے، جس کے تحت گلمرگ اور پہلگام میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے جا چکا ہے۔ گلمرگ میں درجہ حرارت منفی 8.0 ڈگری اور پہلگام میں منفی 8.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ سری نگر میں درجہ حرارت منفی 0.2 ڈگری رہا، جو معمول سے 2 ڈگری زیادہ ہے۔
ہماچل پردیش میں برفباری اور بارش کی توقع ہے، خاص طور پر شمالی چمبا، کنور اور اسپیتی کے علاقوں میں۔ پنجاب اور ہریانہ میں کہرے کی شدت بڑھے گی، جبکہ شیت لہر کی پیشگوئی 30 دسمبر سے کی گئی ہے۔
…….
ملیالم اداکار دلیپ شنکر ہوٹل میں مردہ پائے گئے