نئی دہلی، 12 مئی (یواین آئی) بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے قومی صدر تیجسوی سوریہ نے اتوار کو چاندنی چوک سے بی جے پی امیدوار پروین کھنڈیلوال کی حمایت میں مہم چلائی۔
مسٹر سوریہ نے کہا کہ ملک کے نوجوان وزیر اعظم نریندر مودی کی ترقی کی سیاست کو سمجھتے ہیں اور انہوں نے محسوس کیا ہے کہ ملک کی یکجہتی اور ترقی صرف مسٹر مودی کی قیادت میں ہی ممکن ہے۔عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال پر تنقید کرتے ہوئے مسٹر سوریہ نے کہا کہ دہلی میں اچھے اسکولوں، محلہ کلینک اور صاف ستھری سیاست کے دعووں کی حقیقت پہلے ہی سامنے آچکی ہے۔ دہلی کے لوگوں کا عام آدمی پارٹی پر سے مکمل اعتماد ختم ہو چکا ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ چاندنی چوک کے مکین 25 مئی کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں گھروں سے باہر نکلیں۔
مسٹر کھنڈیلوال نے کہا کہ مسٹر مودی کی قیادت میں ملک تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور عوام اب ملک کو علاقوں، ذات پات، مذہب اور معاشی طور پر تقسیم کرنے کی اپوزیشن کی ذہنیت کو سمجھ چکے ہیں۔آزاد پور، دہلی کے قدیم شیو مندر کیول پارک سے ایک روڈ شو نکالا گیا جس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔