غزہ، 30جولائی (یو این آئی)غزہ کی پٹی میں 10 ہزار طلباء اور 400 اساتذہ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جہاں 10 ماہ سے اسرائیلی حملے جاری ہیں اور انسانی بحران دن بہ دن مزید گہرائی پکڑ رہا ہے۔فلسطینی وزیر تعلیم امجد برحم نے ہائی اسکول کے داخلے کے امتحانات کی پہلی نشست کے نتائج کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے غزہ کے طلباء کی صورتحال کے بارے میں آگاہی کرائی۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے غزہ میں 39 ہزار طلباء ہائی اسکول میں داخلے کے امتحان میں نہیں بیٹھ سکے، 7 اکتوبر سے اب تک 10 ہزار طلباء اور 400 کے قریب اساتذہ جھڑپوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔اقوام متحدہ کی طرف سے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری غزہ پر اسرائیل کے حملوں کی وجہ سے6 لاکھ 25 ہزار طلباء تعلیم سے محروم ہیں۔غزہ کی پٹی میں 88 فیصد تعلیمی اداروں کو نقصان پہنچا ہے۔خطے میں ہلاکتوں کی تعداد 40 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔