غزہ: غزہ میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ شہر میں الشفا ہسپتال کے داخلی دروازے پر ایمبولینس کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 15 ہو گئی ہے اور اس حملے میں 60 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔حماس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے الشفا ہسپتال سے رفح کراسنگ جانے والی ’ایمبولینس کے قافلے‘ کو نشانہ بنایا۔
اسرائیل نے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ ایک ایمبولینس کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم انھوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ حملہ کس علاقے میں کیا گیا ہے۔اس سے قبل اس حملے میں 13 افراد کے ہلاک اور 26 کے زخمی ہونے کی اطلاع تھی۔
اس درمیان فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے دعویٰ کیا کہ ’اسرائیل نے جان بوجھ کر الشفا میڈیکل کمپلیکس کے سامنے ایمبولینسوں پر بمباری کی تاکہ زخمیوں کو علاج کے لیے مصر لے جانے سے روکا جا سکے۔‘انھوں نے مزید بتایا کہ نشانہ بننے والی ایمبولینس متعدد زخمیوں کو مصر میں علاج کے لیے لے کر جا رہی تھی۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے جمعہ کے روز غزہ میں تین ہسپتالوں کے اطراف بمباری کی تھی۔ الشفا ہسپتال کے ڈائریکٹر نے العربیہ کو بتایا کہ ایمبولینسوں پر اسرائیلی بمباری تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمبولینسوں پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 65 زخمی ہوئے۔عہدیدار نے کہا کہ بجلی کی کمی کی وجہ سے زخمیوں کی موت ہو جائے گی۔ طبی ٹیمیں خوفناک نفسیاتی دباؤ میں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا غزہ کے ہسپتال زخمیوں کی اتنی بڑی تعداد کو برداشت نہیں کر سکتے۔ خاص طور پر اس صورت میں جب آپریشن میں استعمال ہونے والی زیادہ تر ادویات ختم ہو چکی ہیں۔الشفا ہسپتال کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ وہاں زخمی افراد کو علاج کے لیے جگہوں کی کمی کی وجہ سے ہلاک کیا گیا ہے۔ فلسطینی شہاب نیوز ایجنسی نے غزہ میں الشفا میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر کے حوالے سے بتایا کہ آج جمعہ کو غزہ شہر کے مغرب میں واقع کمپلیکس کے دروازے پر اسرائیلی بمباری میں کم از کم 60 فلسطینی ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔فلسطینی ہلال احمر نے ایک بیان میں کہا کہ ٹھیک 16:30 بجے اسرائیلی قابض فوج نے غزہ کے مغربی جانب الرشید سٹریٹ پر فضائی حملہ کیا۔ اس کا ہدف ایمبولینسوں کا ایک گروپ تھا جو نقل و حمل کے مشن سے واپس آرہا تھا۔ رفح کراسنگ کے زخمیوں میں ہلال احمر کی ایمبولینس بھی شامل ہے۔ مرکزاطلاعات فلسطین نے کمپلیکس کے ڈائریکٹر کے حوالے سے بتایا کہ بمباری کے نتیجے میں طبی عملے کی بھی ہلاکتیں ہوئیں۔