نئی دہلی (یو این آئی/ ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): وزیر اعظم نریندر مودی یکم اکتوبر کو ملک میں پہلی 5 جی سروس کا آغاز اور انڈیا موبائل کانگریس 2022 کے چھٹے ایڈیشن کا بھی افتتاح کریں گے۔وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق، اس دوران دارالحکومت کے دوارکا سیکٹر 25 میں آنے والے دہلی میٹرو اسٹیشن کی زیر زمین سرنگ سے 5 جی خدمات کا مظاہرہ کیا جائے گا۔5جی ٹیکنالوجی کے ذریعے تیز رفتار انٹرنیٹ کو بغیر کسی رکاوٹ کے استعمال کیا جا سکتا ہے۔نئی دہلی کے پرگتی میدان میں 1 سے 4 اکتوبر تک 4 روزہ انڈیا موبائل کانگریس پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں 5جی اسپیکٹرم کی نیلامی کی گئی تھی اور 150173 کروڑ روپے کے گراس ریونیو کے ساتھ ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والوں کو51236 میگاہرٹز الاٹ کا گیا تھا۔
ذہن نشیں رہے کہ رکزی وزیر برائے مواصلات، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹکنالوجی اشونی ویشنو نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ حکومت نے مختصر وقت میں ملک میں5 جی ٹیلی کام خدمات کی 80 فیصد کوریج کا ہدف دیا ہے۔گزشتہ دنوں قومی راجدھانی میں ایک صنعتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ویشنو نے کہا تھاکہ5 جی کا سفر بہت پرجوش ہونے والا ہے اور انہوں نے نوٹ کیا کہ بہت سے ممالک کو 40 فیصد سے 50 فیصد کوریج تک پہنچنے میں کئی سال لگے۔ لیکن ہم ہدف بنا رہے ہیں۔ ایک بہت ہی جارحانہ ٹائم لائن ہے اور حکومت نے مختصر وقت میں 80 فیصد کوریج کا ہدف دیا ہے اور ہمیں یقینی طور پر کم از کم 80 فیصد کو بہت کم وقت میں کور کرنا چاہیے۔