نئی دہلی، 15 نومبر (یو این آئی) ایک مشترکہ کارروائی میں قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں نے جمعہ کو گجرات کے ساحل کے نزدیک ہندوستانی آبی حدود میں ایک غیر رجسٹرڈ بحری جہاز سے تقریباً 700 کلو گرام میتھامفیٹامین ضبط کی۔نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی)، نیوی اور گجرات پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (اے ٹی ایس) کی مشترکہ کارروائی میں آٹھ غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ این سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گرفتار ملزمان نے ایرانی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ این سی بی نے کہا، "مسلسل انٹیلی جنس اکٹھا کرنے اور تجزیہ کرنے کی وجہ سے معتبر معلومات ملی کہ ایک غیر رجسٹرڈ جہاز، جس میں اے آئی ایس نصب نہیں ہے، نشہ آور ادویات/نفسیاتی مادوں کے ساتھ ہندوستانی آبی حدود میں داخل ہو گا۔”
اس معلومات کی بنیاد پر آپریشن ‘ساگر- منتھن’ -4′ شروع کیا گیا اور ہندوستانی بحریہ نے اپنے مشن میں تعینات میری ٹائم گشتی اثاثوں کو متحرک کرکے جہاز کی نشاندہی کی اور اسے روکا، جس کی وجہ سے جمعہ کو ممنوعہ اشیاء کو ضبط کیا گیا اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ یہ ڈرگ سنڈیکیٹ کیسے کام کرتا ہے، اس کے پیچھے کون ہے اور اس کے کیا کنکشن ہیں۔ اس کے لیے انہیں غیر ملکی ڈی ایل ای اے کی مدد لینی پڑرہی ہے تاکہ وہ اس سنڈیکیٹ کے بین الاقوامی تعلقات کو سمجھ سکیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سال کے اوائل میں آپریشن ساگر-منتھن کے آغاز کے بعد سے تقریباً 3400 کلو گرام مختلف قسم کی منشیات ضبط کی گئی ہیں اور تین معاملات میں 11 ایرانی اور 14 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔