پٹنہ: دہلی کے آنند وہار سے کامکھیا جانے والی دہلی-کاماکھیا نارتھ ایسٹ ایکسپریس ٹرین بدھ کی رات پٹری سے اتر گئی۔ اس حادثے میں چار افراد ہلاک اور 32 زخمی ہو گئے۔یہ حادثہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات میں بہار کے بکسر آرا کے درمیان رگھوناتھ پور اسٹیشن کے قریب ہوا۔ اس میں ٹرین کی 23 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ایسٹ سنٹرل ریلوے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ حادثے میں 4 مسافروں کی موت ہو گئی ہے اور 32 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ٹرین میں سفر کرنے والے محفوظ مسافروں کو صبح 3 بجے خصوصی ٹرین کے ذریعے کامکھیا روانہ کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء بکسر کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ انشول اگروال نے بتایا ہے کہ جائے وقوعہ سے 4 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ اس میں 71 لوگ زخمی ہیں جنہیں آراہ، بکسر اور پٹنہ بھیج دیا گیا ہے۔زخمیوں کو پٹنہ کے ایمس سمیت آرہ اور بکسر اضلاع کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
دریں اثنا بہار کے وزیر اعلی اور سابق ریلوے وزیر نتیش کمار نے دہلی کے آنند وہار سے کامکھیا اسٹیشن جانے والی نارتھ ایسٹ ایکسپریس کے بکسر ضلع کے رگھوناتھ پور ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے میں چار لوگوں کی موت پر تعزیت ظاہر کرتے ہوئے رنج و غم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اس حادثہ کی خبر سن کر کافی دکھی ہوں۔ انہوں نے اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں مرنے والوں کے سوگوار لواحقین کے ساتھ ہیں ۔وزیراعلیٰ نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کے علاج معالجے کے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت دی اور ایشورسے ان کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔