نئی دہلی، 24 فروری (یو این آئی) کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ آسام میں وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا شرما کی شکل میں ’جملوں کا کارخانہ‘ لگا رکھا ہے، جہاں صرف جھوٹ بولا جاتا ہے اور جملے ادا کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسٹر وشو شرما سب سے بدعنوان وزیر اعلیٰ ہیں اور آسام کے لوگ ان کے جھوٹ اور بدعنوانی سے سخت ناراض ہیں اور حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ اب مسٹر مودی کے جملے بھی لوگوں کے غصے کو ٹھنڈا نہیں کر پا رہے ہیں۔ اب یہ واضح ہے کہ شمال مشرق میں تبدیلی یقینی ہے۔
مسٹر کھڑگے نے ایکس پر کہا ’’مودی جی نے آسام میں جملوں کا کارخانہ لگا رکھا ہے، جس کی ذمہ داری بی جے پی کے سب سے بدعنوان وزیر اعلیٰ سنبھال رہے ہیں۔ حال ہی میں آسام میں کانگریسی لیڈروں پر سیاسی اور جسمانی دونوں طرح سے حملے ہوئے ہیں۔ عوام ایک سال بعد کانگریس کی حکومت بنا کر ان حملوں کا جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا ’’ریاست آسام بی جے پی کے لینڈ مافیا کی بدعنوانی، نفرت اور غلط حکمرانی کے نتائج بھگت رہی ہے۔ نوجوانوں کی بے روزگاری، چائے باغ کے مزدوروں کی بے بسی، غیر قانونی پردیسیوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کی سرزنش اور بی جے پی کی منافقت سب کو معلوم ہے۔ ریاست ترقی اور معاشی طور پر ہر سطح پر پیچھے رہ گئی ہے۔‘‘
کانگریس صدر نے کہا’’آسام کے 3.5 کروڑ لوگ انتہائی ناراض ہیں، مودی جی کا کوئی نعرہ اب ان کے غصے کو ٹھنڈا نہیں کر سکتا۔ آسام اور شمال مشرق میں تبدیلی یقینی ہے۔‘‘