بہرائچ:10 مارچ(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع بہرائچ کی ایک عدالت نے لواطت کے ایک معاملے میں پیر کو ملزم کو 20 سال قید کی سزا سنائی ہے۔شہر کے محلہ قاضی پورا واقع مرکز عالم شہید مسجد سے جڑے اس معاملے میں خصوصی جج پاکسو دیپ کانت منی نے ملزم پر 20 ہزارروپئے کا مالی جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
متاثرہ کے والد نے 18اپریل 2016 کو کوتوالی شہر میں تحریر دے کر یہ جانکاری دی تھی کہ اس کا سات سال سالہ بیٹا ایک مذہبی مقام سے نماز پڑھ کر لوٹ رہا تھا۔ اسی دوران محلے میں اذان دینے والے ایک ملزم، محمد جمال نے بچے کو کمرے میں کھینچ کر اس کے ساتھ قوم لوط کا فعل کیا۔ متاثر نے گھر پہنچ کر اپنے اہل خانہ کو اس واقعہ کے بارے میں بتایا جس کے بعد اس کے والد نے محمد جمال کے خلاف مقدمہ درج کرایا ۔
خصوصی عدالت میں سماعت کے دوران خصوصی ضلع سرکاری وکیل سنت پرتاپ سنگھ اور اسپیشل پراسیکیوٹر سنتوش سنگھ نے ملزم کے ذریعہ کئے گئے جرائم کو سنگین بتاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ سزا کا مطالبہ کیا۔عدالت نے پراسیکیوشن اور دفاع کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو خاطی قرار دیتے ہوئے سزا کا اعلان کیا۔