لکھنؤ(یو این آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے ہفتہ کو کہا کہ بجلی کی نجکاری پر تلی ہوئی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت جان بوجھ کر بجلی کے نظام کو برباد کررہی ہے۔مسٹر یادو نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی حکومت بجلی کے محکمے کو نجی ہاتھوں میں فروخت کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ دہلی میں بی جے پی کی حکومت ہو یا اتر پردیش میں، دونوں ہی سب کچھ بیچنے پر تلے ہوئے ہیں۔ بی جے پی نے بجلی کے وزیر کا تقرر کیا ہے تاکہ یہ محکمہ اپنے قریبی لوگوں کو بیچنے میں آسانی ہوجائے۔ بی جے پی حکومت نے بجلی کے نظام کو بہتر بنانے اور پیداوار بڑھانے کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کی ابتر حالت کا ذمہ دار ملازمین کو ٹھہرا کر نجکاری کے لیے میدان تیار کر لیا ہے۔ آج اترپردیش میں عوام کو جو بھی بجلی مل رہی ہے وہ سماج وادی پارٹی کے دورِحکومت میں لگائے گئے پاور پلانٹس سے مل رہی ہے۔ سماج وادی پارٹی کی حکومت نے ایٹا، کانپور دیہات، للت پور، پنکی سمیت کئی اضلاع میں پاور پلانٹ لگائے، لیکن بی جے پی حکومت نے بجلی کی پیداوار کو مزید بڑھانے کے لیے کچھ نہیں کیا۔ بی جے پی ہر چیز کی نجکاری کرکے نوکریوں اور ریزرویشن کو ختم کرنا چاہتی ہے۔
مسٹر یادو نے کہا کہ بی جے پی کے دورِ حکومت میں بجلی کی پیداوار، اس کی ترسیل یا فراہمی میں کوئی ترقی نہیں ہوئی ہے۔ بی جے پی حکومت نے اپنے نو سالہ دور اقتدار میں ایک یونٹ بھی بجلی کی پیداوار میں اضافہ نہیں کیا۔ اس نے صرف بجلی کے بل میں اضافہ کیا ہے۔ ریاست بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی ہورہی ہے۔ یہ دھان کی روپائی کا وقت ہے۔ لیکن کسانوں کو بجلی نہیں مل رہی ہے۔ چھوٹے شہروں اور دیہاتوں میں بجلی کی حالت بہت خراب ہے۔انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی سرکاری محکموں کی نجکاری کے خلاف ہے۔ ریاست کے عوام بی جے پی کے قول و فعل میں فرق کو سمجھ چکے ہیں۔ 2027 کے اسمبلی انتخابات میں عوام اور ملازمین بی جے پی کی غیر منصفانہ حکومت کا خاتمہ کر دیں گے۔