نئی دہلی، 21 نومبر (یو این آئی) حکومت نے کہا ہے کہ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کے شفاف اور مؤثر نفاذ کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں اور اب تک اس میں 26 کروڑ سے زیادہ مزدور رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔
وزارت دیہی ترقیات نے جمعہ کو کہا کہ منریگا کے شفاف اور مؤثر نفاذ کے ذریعے یہ یقینی بنایا جا رہا ہے کہ دیہی خاندان اس قانون کے تحت فراہم کیے گئے فوائد حاصل کر سکیں۔ منریگا کا دائرہ بہت وسیع ہے اور ملک بھر کی 2.69 لاکھ گرام پنچایتوں میں 26 کروڑ سے زائد رجسٹرڈ مزدور شامل ہیں۔
وزارت نے مزید کہا کہ ایکٹ کی شیڈول-II کے پیرا 2 کے مطابق "گرام پنچایت کی ذمہ داری ہے کہ ضروری جانچ کے بعد درخواست موصول ہونے کی تاریخ سے پندرہ دن کے اندر جاب کارڈ جاری کرے، جس میں مخصوص جاب کارڈ نمبر، رجسٹریشن نمبر، انشورنس پالیسی نمبر اور آدھار نمبر (اگر دستیاب ہو) درج ہو۔”
اس کے علاوہ شیڈول-II کے پیرا 3 میں کہا گیا ہے کہ "جاب کارڈ کی تجدید ہر پانچ سال بعد تصدیق کے بعد کی جائے گی۔”قابل ذکر ہے کہ جاب کارڈ سے متعلق سرگرمیاں، جیسے جاری کرنا، توثیق اور تجدید، ریاستی حکومتوں کی ذمہ داری ہیں اور انہیں گرام پنچایت جیسی پنچایتی راج اداروں کے ذریعے مکمل کیا جاتا ہے۔












