پٹنہ، 21 نومبر (یو این آئی) بہار میں دسویں بار وزیراعلیٰ بننے والے نتیش کمار نے جمعہ کو وزراء کے درمیان قلمدانوں کی تقسیم کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا کو نائب وزیراعلیٰ کا درجہ دیا ہے۔محکمہ کابینہ سکریٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جنرل ایڈمنسٹریشن ، کابینہ سکریٹریٹ، نگرانی، انتخاب اور وہ تمام محکمے جو کسی کو الاٹ نہیں کیے گئے ہیں، اپنے پاس رکھے ہیں۔

نتیش کمار نے بی جے پی رہنما سمراٹ چودھری کو داخلہ محکمہ کی ذمہ داری دی ہے۔ یہ محکمہ کافی عرصے سے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے پاس تھا۔ انہوں نے بی جے پی کے رہنما وجے کمار سنہا کو محصولات واصلاحات اراضی اور کانکنی ومعدنیات محکموں کی ذمہ داری دی ہے۔وزیراعلیٰ نے جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے رہنما وجے کمار چودھری کو آبی وسائل، منصوبہ بندی و ترقی، شراب بندی، ایکسائز، اطلاعات و عوامی رابطہ، خزانہ اور کمرشیل ٹیکس محکموں کی ذمہ داری دی ہے۔ خزانہ محکمہ پہلے سمراٹ چودھری کے پاس تھا۔
جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے رہنما شرون کمار کو دیہی ترقیات اور ٹرانسپورٹ محکموں کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اسی طرح بی جے پی رہنما منگل پانڈے کو صحت اور قانون محکموں کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ مسٹر پانڈے کے پاس اس سے قبل بھی یہی محکمے تھے۔
بی جے پی کے صوبائی صدر ڈاکٹر دلیپ جیسوال کو صنعت محکمہ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔جے ڈی یو کے رہنما اشوک چودھری کو پہلے کی طرح اس بار بھی دیہی ورکس محکمہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اسی طرح جے ڈی یو رہنما لیسی سنگھ کو بھی گزشتہ کابینہ کی طرح خوراک، صارفین امور و تحفظ محکمہ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ بی جے پی کے رہنما نتن نوین کو سڑک تعمیرات اور شہری ترقیات و ہاوسنگ محکمے، جے ڈی یورہنما مدن سہنی کو سماجی فلاح محکمہ، بی جے پی رہنما اور سابق مرکزی وزیر رام کرپال یادو کو زراعت، مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی کے بیٹے اورہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے رہنما سنتوش کمار سمن کو چھوٹے و آبی وسائل ، اور جے ڈی یورہنما سنیل کمار کو تعلیم اور سائنس، ٹیکنالوجی و تکنیکی تعلیم محکمے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ جے ڈی یو رہنما محمد زماں خان کو اقلیتی فلاح و بہبود محکمہ دیا گیا ہے۔
اسی طرح بی جے پی کے کوٹے سے سنجے سنگھ ٹائیگر کو لیبر ریسورس محکمہ، ارون شنکر پرساد کو سیاحت، فن و ثقافت اور امور نوجوان محکمہ، سورندر مہتا کو مویشی وماہی پروری وسائل محکمہ،نارائن پرساد کوڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ، سابق رکن پارلیمنٹ اجے نشاد کی اہلیہ رما نشاد کو پسماندہ و انتہائی پسماندہ طبقہ فلاح محکمہ، لکھندر کمار روشن کو درج فہرست ذات و درج فہرست قبائل فلاح محکمہ، سابق مرکزی وزیر دگ وجئے سنگھ کی بیٹی شریاسی سنگھ کو اطلات و ٹیکنالوجی اور کھیل محکمہ، اور ڈاکٹر پرمود کمار کو کوآپریٹو، ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی محکموں کی ذمہ داری دی گئی ہے۔اسی طرح لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے رہنما سنجے کمار کو گنا صنعت اور سنجے کمار سنگھ کو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی ذمہ داری دی گئی ہے، جبکہ راشٹریہ لوک مورچہ (آر ایل ایم) کے رہنما دیپک پرکاش کو پنچایتی راج وزارت ذمہ داری دی گئی ہے۔











