علی گڑھ، 21 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں گیارہویں جماعت (سائنس) وڈپلوما انجینئرنگ ،گیارہویں جماعت (ہیومنٹیز اور کامرس) اور دینی مدارس کے فارغین کے لئے بِرِج کورس میں داخلے کے امتحانات اتوار 21 مئی کو علی گڑھ، لکھنؤ، میرٹھ، بریلی، پٹنہ، کولکاتہ، سری نگر، اور کشن گنج کے مراکز پر خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوئے ۔
یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر مجیب اللہ زبیری نے بتایا کہ گیارہویں جماعت (سائنس)و ڈپلوما انجینئرنگ کے مشترکہ داخلہ امتحان کے لئے 33697 امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں ، جن میں سے 28558امیدوار داخلہ امتحان میں شامل ہوئے۔
انھوں نے بتایا کہ گیارہویں جماعت (ہیومنٹیز اور کامرس) میں داخلے کے لئے 8021 امیدواروں نے، جب کہ بِرِج کورس کے لئے 249 امیدواروں نے داخلہ فارم پُر کئے ہیں ۔
ڈاکٹر مجیب اللہ زبیری نے داخلہ امتحانات کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے لئے اساتذہ اور دیگر ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔
یونیورسٹی نے امتحانی مراکز پر اساتذہ کو مشاہد اور انچارج کے طور پر مقرر کیا تھا ۔
امیدواروں اور ان کے سرپرستوں کی رہنمائی اور مدد کے لئے یونیورسٹی کے این ایس ایس رضاکاروں اور اے ایم یو کے عملے کے اراکین نے یونیورسٹی میں مختلف مقامات پر خصوصی کیمپ لگائے تھے، جہاں پینے کے پانی کا بھی انتظام تھا۔ رضاکار تنظیموں کی طرف سے بھی امدادی کیمپ لگائے گئے۔
امیدواروں کے سرپرستوں نے یونیورسٹی کی طرف سے کئے گئے انتظامات کو سراہا ۔