بنگلورو(یو این آئی) آرمی چیف جنرل منوج پانڈے نے اتوار کے روز کہا کہ ہندوستانی فوج حقیقی کنٹرول لائن (ایل اے سی) پر مضبوط دفاعی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے اور وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔جنرل پانڈے نے یہ بیان یہاں 75ویں آرمی ڈے کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔انھوں نے کہا، ”مغربی سرحد پرکنٹرول لائن پر جنگ بندی جاری ہے اور اس کی خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ تاہم، سرحد کے دوسری طرف دہشت گردوں کا بنیادی ڈھانچہ اب بھی برقرار ہے۔”
انہوں نے کہا کہ فوج اپنی موجودگی ظاہر کرنے کے لیے پراکسی دہشت گرد تنظیموں کے ذریعے کی جانے والی تمام ٹارگٹ کلنگ کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کاونٹر انفلٹریشن گرڈ وہاں سے دراندازی کو مسلسل ناکام بنا رہا ہے۔
جنرل پانڈے نے کہا کہ جموں اور پنجاب کے سرحدی علاقوں میں ڈرون کے ذریعے اسلحہ اور منشیات کی اسمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے کاؤنٹر ڈرون جیمرز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
جموں و کشمیر کی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ وہاں کے لوگوں نے تشدد ترک کر دیا ہے اور مثبت تبدیلیوں کا خیر مقدم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج نے شمال مشرقی علاقے میں تشدد کی سطح کو کم کرنے اور باغیوں کو تشدد کا راستہ چھوڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق فوجیوں کے ایثار اور ملک کے لیے ان کی قربانی کے تئیں احترام اور جانبازوں کے اہل خانہ کے تئیں ہمدردی کی علامت کے طور پر 14 جنوری کو ملک بھر میں ساتواں مسلح افواج کے سابق فوجیوں کادن منایا گیا تھا۔
اس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹر پر کہا، "آرمی ڈے پر، میں تمام فوجی اہلکاروں، سابق فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کو اپنی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ ہر ہندوستانی کو اپنی فوج پر فخر ہے اور وہ ہمیشہ اپنے فوجیوں کی شکرگزار رہے گی۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت دیگر لیڈروں نے بھی آرمی ڈے پر مبارکباد دی ہے۔