پٹنہ (یو این آئی) مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر اور امور کے رکن اسمبلی اختر الایمان نے نئی پارلیمنٹ میں رمیش بدھوڑی کی ہیٹ اسپیچ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس طرح بی جے پی نے نئی پارلیمنٹ میں نئے بھارت کی تصویر پیش کر دی ہے ۔انہوں نے ایک پریس بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت افسوس ناک ہونے کے ساتھ تشوشناک بھی ہے ۔ اس پر فکر انگیزی اور سنجیدگی کے ساتھ مل کر غور کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ صرف کنور علی دانش کو ہی نہیں بلکہ ہندوستان کے سارے مسلمانوں کو گالی دی گئی ہے ۔ انہوں نے رکن پا لیا مان کنور علی دانش کی ستائش کی کہ انہوں نے سنسد کے وقار کا لحاظ رکھتے ہوئے بد زبان و پست کردار رکن پارلیمنٹ کو اسی کی زبان میں جواب نہیں دیا اور ضبط کر کے اپنے اعلی معیار ہونے کا ثبوت دیا ۔
اختر الایمان نے کہا کہ اس معاملے میں ایم ائی ایم کا موقف بالکل واضح ہے ۔ہمارا کہنا ہے کہ ودھوڑی نے پارلیمنٹ میں نفرتی تقریر کی ہے لہذا سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ایسے لوگوں پر کارروائی ہونی چاہیے ۔ لیکن یہاں تو اندھیر نگری ہے ۔حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والی بی جی بی لیڈر کے خلاف ساری دنیا چیخ پڑی مگر اس پر آج تک کوئی معقول کارروائی نہیں کی گئی۔ مسلمانوں کے لیے ” گولی مارو سالوں کو” نعرہ دینے والا مرکز میں وزیر ہے ۔ خاتون پہلوانوں کے سلسلے میں بھی ممبر پارلیمنٹ کو اب تک سزا نہیں ملی ۔ ایسی درجنوں مثالیں ہیں ۔ سزا صرف اپوزیشن والوں اور مسلمانوں کے لیے ہے ۔ اختر الایمان نے کہا کہ اب باپ کا گھڑا بھر چکا ہے اور جلد ہی پھوٹنے والا ہے ۔
مجلس مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی جنرل سکریٹری انجینئر افتاب احمد نے میں بھی دریدہ دہن رمیش بدھوڑی کی سخت الفاظ ہیں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ جیسے پروقار اور قابل احترام ایوان میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بدھوڑی کی تقریر جو گالی گلوج پر مشتمل ہونے کے ساتھ ایک خاص طبقے کے خلاف نفرتی بیان ہے ۔ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ ایم ائی ایم کے یوتھ ونگ کے ریاستی صدر عادل حسن ایڈووکیٹ میں بھی بدھوڑی کے اسپیچ پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئی پارلیمنٹ میں ایسی نفرت انگیز تقریر جو مسلمانوں کے خلاف کھلم کھلا دھمکانے کے طور پر ہے اسے کسی قیمت پر ایم ائی ایم برداشت نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی خوش ائند بات ہے کہ تمام سیکولر پارٹیاں اس معاملے میں متحد ہیں ۔ انجینیئر افتاب احمد اور عادل حسن نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہیٹ اسپیچ سے متعلق رولنگ کے تحت بدھوڑی کو سخت سے سخت سزا دی جائے ۔