نئی دہلی(ہندوستان ایکسپریو ویب ڈیسک): ورلڈکپ سے قبل ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے۔ ایونٹ سے قبل ہندوستانی بولنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے بمراہ کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اسکواڈ سے باہر ہونے سے متعلق باضابطہ اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ بمراہ ورلڈکپ سے قبل اپنی انجری سے صحتیاب ہوجائیں گے، تاہم ایسا نہیں ہوسکا۔ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے واضح کہا ہے کہ جسپریت بمراہ ایونٹ نہیں کھیل پائیں گے، وہ ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے مطابق اسپیشلٹس کی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ فاسٹ بولر جسپریت بمراہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کا حصہ تھے، تاہم انہیں کمر کی تکلیف کے باعث سیریز سے باہر کردیا گیا تھا۔ بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے جسپریت بمراہ کے متبادل کھلاڑی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ مانا جا رہا ہے کہ جسپریت بمراہ پیٹھ کی چوٹ کے سبب چھ ماہ تک کرکٹ سے دور رہ سکتے ہیں۔ جسپریت بمراہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لئے ٹیم کے ساتھ تروننت پورم گئے تھے، لیکن ہاں ایک دن پریکٹس کرنے کے بعد وہ بنگلورو واپس لوٹ گئے تھے۔ بی سی سی آئی نے بتایا تھا کہ انہیں پیٹھ میں درد کی وجہ سے پہلے میچ میں نہیں کھلایا جائے گا۔ اس کے دو دن بعد پتہ چلا کہ بمراہ بیک اسٹریس فریکچر کی وجہ سے ٹی20 عالمی کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔ حالانکہ بی سی سی آئی کا اس پر باضابطہ طور پر کوئی بیان نہیں آیا تھا۔
بی سی سی آئی کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں لکھا گیا ہے، ’بورڈ کی میڈیکل ٹیم نے ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز جسپریت بمراہ کو آئی سی سی مینس ٹی20 عالمی کپ ٹیم سے باہر کردیا ہے۔ یہ فیصلہ تفصیلی غوروخوض اور ماہرین کی رائے بعد لیا گیا ہے۔ جسپریت بمراہ کو شروع میں پیٹھ کی چوٹ کے سبب جنوبی افریقہ کے خلاف چل رہی ماسٹرکارڈ تین میچوں کی ٹی20 سیریز سے بھی باہر کر دیا گیا تھا۔ بی سی سی آئی جلد ہی جسپریت بمراہ کی جگہ کسی نئے دوسرے کھلاڑی کو ٹی20 عالمی کپ ٹورنا منٹ کے لئے ٹیم میں شامل کرے گا‘۔