نئی دہلی، 19 نومبر (یو این آئی) کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے، سابق صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے اتوار کی صبح سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کے 106 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔
مسٹر کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، راہل گاندھی، کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور دیگر قائدین نے سابق وزیر اعظم کی سمادھی شکتی استھل کا دورہ کیا اور پھول چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔کانگریس نے اپنے آفیشل پیج پر ٹوئٹ کرکے کہا، "آج پورا ملک ہندوستان کی ‘آئرن لیڈی’ اندرا گاندھی کو یاد کر رہا ہے، جو طاقت، ہمت اور موثر قیادت کی ایک مثال تھیں۔”پارٹی نے سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کانگریس کے سرکردہ رہنماؤں کا ویڈیو جاری کرکے انہیں سلامی دی۔ ادھردہلی میں دہلی کانگریس کے دفتر میں ریاستی صدر اروندر سنگھ لولی نے آنجہانی اندرا گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ادھر شملہ سے خبر ہے کہ ہندوستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم اور بھارت رتن آنجہانی اندرا گاندھی کا یوم پیدائش ہفتہ کو تاریخی رج گراؤنڈ میں واقع ان کی یادگار پر پھول چڑھا کر منایا گیا۔اس موقع پر وزیر تعلیم نے ریاست کے عوام کی جانب سے آنجہانی اندرا گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اندرا گاندھی کے دور میں کئی تاریخی کام ہوئے ہیں جن میں بینکوں کو قومیانے، پاکستان کو شکست دینے جیسے کام شامل ہیں۔ ملک کی ترقی میں ان کے تعاون کے لئے اندرا گاندھی کو بھارت رتن سے نوازا گیاتھا۔ اس کے علاوہ،1971 میں ہماچل کو بھی اسٹیٹ ہوڈ ان کے وقت میں ہی ملاتھا اور ڈاکٹر یشونت سنگھ پرمار وزیر اعلیٰ تھے۔ آج ملک کے تمام شہری اور ریاست کے لوگ انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں اور یہ قوم ان کے تعاون کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہے گی۔رکن پارلیمنٹ اور ریاستی کانگریس صدر پرتیبھا سنگھ نے کہا کہ آنجہانی اندرا گاندھی کے یوم پیدائش پر ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ملک کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لئے ان کے تعاون کو یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اندرا گاندھی کے نظریات پر چلتے ہوئے زندگی میں آگے بڑھیں، یہی انہیں ہم وطنوں کا حقیقی خراج عقیدت ہوگا۔
صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر کرنل ڈاکٹر دھنی رام شانڈل نے بھی پروگرام میں شرکت کی اور آنجہانی اندرا گاندھی کے مجسمہ پر پھول چڑھائے۔اس دوران محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے فنکاروں نے حب الوطنی کے گیت اور بھجن پیش کئے۔اس موقع پر ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن شملہ اوما کوشل، وائس چیئرمین فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کیہر سنگھ کھاچی، کونسلرز، ڈپٹی کمشنر شملہ آدتیہ نیگی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (پروٹوکول) جیوتی رانا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (لا اینڈ آرڈر) اجیت بھردواج، ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ سنیل نیگی، کمشنر میونسپل کارپوریشن شملہ بھوپیندر کمار اتری، جوائنٹ کمشنر ڈاکٹر بھون شرما، سب ڈویژنل مجسٹریٹ شملہ اربن بھانو گپتا اور دیگر معززین، افسران اور ملازمین موجود تھے۔