سنکلپ پتر ریلیز کرتے ہوئے پارٹی صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جو نہیں کہاتھا وہ بھی کرکے دکھایا
بھوپال (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جے پی نڈا نے آج مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی کا منشور ‘سنکلپ پتر’ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر ریاست میں بی جے پی کی حکومت بنتی ہے تو لاڈلی بہنا اسکیم کے مستفیدین کوپکے مکان کا فائدہ دیا جائے گا اور ہر خاندان میں کم از کم ایک روزگار یا خود روزگار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ سنکلپ پتر ریلیز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹرنڈا نے کہا کہ موجودہ بی جے پی حکومت نے جو نہیں کہاتھا وہ بھی کرکے دکھایا ہے۔ انہوں نے 2003 کے مقابلے ریاست میں ہونے والی ترقی کو پوائنٹ وار اعداد و شمار کے ذریعے پیش کیا۔ تقریب سے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، پارٹی ریاستی یونٹ کے صدر وشنودت شرما اور مرکزی وزیر پرہلاد پٹیل نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر اور مدھیہ پردیش کے انتخابی شریک انچارج اشونی وشنو، جیوترادتیہ سندھیا اور فگن سنگھ کلستے بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ووٹروں کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ مدھیہ پردیش کی حالت پہلے کیسی تھی اور بی جے پی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد ریاست نے ہر میدان میں کتنی ترقی کی ہے۔
During the release of BJP's Sankalp Patra for Madhya Pradesh Assembly Elections 2023. https://t.co/WU5WW1cjZm
— Jagat Prakash Nadda (@JPNadda) November 11, 2023
مسٹرنڈا نے کہا کہ 2003 کے بعد سے ریاستی بجٹ کے التزام میں چار گنا اضافہ ہوا ہے۔ سڑکوں کے رابطے میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ ریاست نے صحت کے شعبے میں بے مثال ترقی کی ہے۔ جہاں 2003 میں پانچ میڈیکل کالج تھے آج 30 ہیں۔ سرسوں اور مونگ کی نامیاتی پیداوار میں مدھیہ پردیش پہلے نمبر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں آبپاشی کی صلاحیت کو دوگنا کیا گیا ہے۔ بندیل کھنڈ کو کین بیتوا لنک کے قومی پروجیکٹ سے جوڑا گیا ہے۔ پسماندہ علاقوں کے بچوں کی بڑی تعداد رہائشی اسکولوں سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔ صحت کے نقطہ نظر سے جن اوشدھی مراکز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔پارٹی صدر نے کہا کہ بی جے پی رپورٹ کارڈ کی سیاست میں یقین رکھتی ہے۔ ہم مستفیدین تک کیسے پہنچیں اور ذمہ داری طے ہو، بی جے پی اس سمت میں بات کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے پچھلی بار اپنے منشور میں جونہیں کہا تھا، وہ بھی کرکے دکھایا ہے۔ اس تناظر میں انہوں نے لاڈلی بہنا یوجنا کے نام کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم نے لڑکیوں اور خواتین کو بااختیار بنانے پر کام کیا ہے۔مسٹرنڈا نے کہا کہ حکومت نے چار صنعتی کوریڈور بنائے ہیں۔ دیہاتوں، غریبوں، محروموں، خواتین اور قبائلیوں سب کی فلاح و بہبود کا خیال رکھا گیا ہے۔