بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدرکی میعاد کار جون 2024 تک ہوگی، پارٹی کی قومی ایگزیکٹو کا فیصلہ
نئی دہلی (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا کی مدت کار اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے جون 2024 تک بڑھا دی گئی ہے۔راجدھانی میں منعقد ہونے والی بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو نے ایک متفقہ قرارداد منظور کی اور مسٹر نڈا کی میعاد جون 2024 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایگزیکٹو میٹنگ میں یہ تجویز پیش کی جس کی تمام اراکین نے متفقہ طور پر حمایت کی۔ مسٹر نڈا کی موجودہ میعاد 20 جنوری کو ختم ہو رہی ہے۔اس فیصلے کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے پارٹی کے سابق صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ مسٹر نڈا کے تین سالہ دور اقتدار میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو بڑے پیمانے پر عوامی حاصل ہوئی ہے۔مسٹر شاہ نے کہا کہ ان کی قیادت میں 73 انتخابات جیتے ہیں۔ بوتھ ایمپاورمنٹ اسکیم کے تحت ایک لاکھ 30 ہزار بوتھس کو مضبوط کرنے کا کام کیا گیا۔ تلنگانہ اور مغربی بنگال میں پارٹی کے حق میں مضبوط ماحول بنایا گیا۔ لوک سبھا مائیگریشن اسکیم کامیاب رہی ہے۔ جموں و کشمیر میں بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات میں بی جے پی کی شہرت میں اضافہ ہوا ہے۔ گھر گھر ترنگا ابھیان میں لوگوں میں حب الوطنی اور ترنگے کا احترام بڑھانے کا کام کیا گیا ہے۔ من کی بات کو عوامی مہم بنانے کی کوشش کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے یوم پیدائش پر سیوا پکھواڑا منانے اور کووڈ وبا کے دوران خدمت کی تنظیم جیسے پروگرام بنائے۔
وزیر داخلہ نے یقین ظاہر کیا کہ مسٹر نڈا کی صدارت میں بی جے پی 2024 کے انتخابات 2019 کے انتخابات کے مقابلے زیادہ اکثریت کے ساتھ جیتے گی اور مسٹر مودی دوبارہ وزیر اعظم بن کر ملک کی خدمت کریں گے۔ وزیر داخلہ نے مسٹر نڈا کو مبارکباد دی اور آگے کی کامیاب مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔