غزہ: پوری دنیا میں رہنے والے فلسطینیوں کے لیے غزہ میں اپنے پیاروں سے رابطہ کرنا مشکل ہوگیا ہے اور ان میں پریشانی بڑھ رہی ہے۔ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ غزہ میں مواصلاتی نظام کا بلیک آؤٹ ’بڑے پیمانے پر ظلم و ستم‘ کے مترادف ہے۔ ’معلومات کا بلیک آؤٹ جبر کو چھپا رہا ہے اور اس سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر استثنیٰ مل رہی ہے۔‘فلسطینی ٹیلیکام کمپنی جوال نے کہا ہے کہ غزہ کا رابطہ باہر کی دنیا سے منقطع کیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے تاحال اس معاملے پر ردعمل نہیں دیا۔غزہ میں مواصلاتی نظام متاثر ہونے کی وجہ سے ہماری لیے معلومات تک رسائی مشکل ہوگئی۔ بی بی سی نے غزہ میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے واٹس ایپ پیغام بھی بھیجا مگر صرف ایک ٹِک آیا، یعنی ہمارا پیغام موصول نہ ہوا۔ جبکہ فون پر کالز یا میسجز بھیجنا ناممکن تھا۔
بی بی سی کے یروشلم سے مشرق وسطیٰ کے نامہ نگار ٹام بیٹ مین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ طویل وقت تک رابطے منقطع رہنے کے بعد وہ غزہ کے ایک فوٹوگرافر شہاب یونس سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہوئے جنھوں نے اپنے انسٹاگرام پر موبائل فون سگنل کا استعمال کرتے ہوئے پوسٹ کیا ہے۔
ٹام بیٹ مین کے مطابق شہاب نے اُنھیں واٹس ایپ وائس نوٹ میں بتایا ہے کہ غزہ میں ’اب صورت حال تباہ کن ہے۔‘ ایسا لگتا ہے کہ غزہ کے 25 لاکھ رہائشیوں کا مواصلاتی رابطہ منقطع ہونے کے بعد لوگ فضائی حملوں میں زخمی ہونے والوں کے لئے ایمبولینس بلانے سے قاصر ہیں۔شہاب نے آج صبح اپنے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں بری طرح زخمی شخص کو عمارت سے باہر نکالا جا رہا تھا۔ لوگ چیخ رہے ہیں کہ انھیں ایمبولینس کی ضرورت ہے۔
شہاب کہتے ہیں کہ ‘جب گھروں پر بمباری ہوتی ہے، تو مواصلات اور انٹرنیٹ سروسز کی کمی کی وجہ سے صورت حال بہت مشکل ہو جاتی ہے۔‘دوسری جانب بی بی سی کے لیے جنوبی اسرائیل سے رپورٹنگ کرنے والی ایلس کڈی نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ’ہمیں حال ہی میں وسطی غزہ کے شہر دیر البلاح میں کسی کی طرف سے ایک آڈیو پیغام موصول ہوا ہے۔ اس پیغام میں وہ بتاتے ہیں کہ ’گزشتہ رات اچانک تمام رابطے ختم ہو گئے۔۔۔ سب کچھ ختم ہو گیا۔‘
ایلس بتاتی ہیں کہ ’جب وہ یہ پیغام ریکارڈ کر رہے تھے تو اس میسج کے پس منظر میں ایک دھماکے کی آواز بھی سنی جا سکتی ہے۔‘
وہ بتاتے ہیں کہ ’صورت حال بہت خطرناک ہے۔ یہاں کے لوگ بہت پریشان ہیں۔ لوگ اپنے اہل خانہ، اپنے پیاروں کو ڈھونڈتے پھر رہے ہیں۔‘غزہ کے رہائشی نے ہمیں بتایا کہ وہاں کے لوگوں کو اس بارے میں کوئی معلومات نہیں مل رہی ہیں کہ علاقے کے شمال میں کیا ہو رہا ہے، جو اسرائیل کے رات بھر کے حملوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ غزہ کرہ ارض سے منقطع ہے۔