پٹنہ:حضرت امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ کی ہدایت پر امارت شرعیہ کا ایک مؤقر وفد جناب مولانا قمر انیس قاسمی صاحب معاون ناظم امارت شرعیہ کی قیادت میں مورخہ 7 جولائی 2023 بروز جمعہ سے جامتاڑا،دمکا اور دیوگھر کے دورہ پر ہے ، یہ قافلہ مجوزہ پروگرام کے مطابق دارالقضا امارت شرعیہ مدرسہ دارالعلوم وحیدیہ موہرا جامتاڑا پہونچا اوریہاں کی مختلف مساجد میں وفد کے تمام ارکان نے جمعہ کی نماز ادا کی اور خطاب کیا،قائد وفد جناب مولانا قمر انیس قاسمی صاحب جناب مولانا رضاءالدین صاحب مہتمم دارلعلوم وحیدیہ جناب حافظ شہاب الدین صاحب جامع مسجد سبھاش چوک،مولانا عبداللہ جاوید ثاقبی صاحب جامع مسجد منجھلا ڈیہہ پردھان ٹولہ،قاضی شریعت مولانا شمس الحق صاحب گریڈیہ جامع مسجد قدمی ٹانر اور معاون قاضی شریعت آسنسول مولانا سعید اسعد صاحب جامع مسجد موہڑہ،انہوں نے اپنے خطاب میں یونیفارم سول کوڈ کے نقصانات پر روشنی ڈالی اور لوگوں کو ای میل کا طریقہ بتایا گیا۔اس کے بعد قافلہ کرما ٹانر کی مشہور بستی بھٹھرا ضلع جامتاڑا کے لئے روانہ ہوا،بعد نماز عشاء پروگرام شروع ہوا، قائد وفد جناب مولانا قمر انیس قاسمی صاحب معاون ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ نے اپنے خطاب میں امارت شرعیہ کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ اس وقت امارت شرعیہ حضرت امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ کی قیادت میں روز بروز ترقی کی طرف گامزن ہے اور موجودہ حالات میں جس طرح حضرت امیر شریعت مدظلہ یونیفارم سول کوڈ کو لے کر قوم و ملت کے فکر مند ہیں اور گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں اور امارت شرعیہ کی پوری ٹیم کو آپ نے اس کام کے لئے بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ میں لگا رکھا ہے وہ روشن مستقبل کی علامت ہے،آپ نے اپنے خطاب میں امارت شرعیہ کی شرعی حیثیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور فرمایا کہ امارت شرعیہ روئے زمین پر اللہ تعالیٰ کی بڑی نعمت ہے اور ملت کے وجود کی روشن علامت ہے جس کی حفاظت کی ذمہ داری ہم سب کی ہے، نیز انہوں نے کہاکہ اتحاد اسلام کی روح اور وقت کی اہم ترین ضرورت ہے مسلمان اپنے فروعی مسائل سے بالاتر ہو کر محض کلمہ کی بنیاد پر متفق ہو کر زندگی گزاریں۔ جناب مولانا عبد اللہ جاوید ثاقبی صاحب شعبہ تنظیم امارت شرعیہ نے اپنے خطاب میں نوجوانوں سے کہا کہ آپ اپنی زندگی شریعت کے مطابق گذاریں،اپنا آئیڈیل حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات اقدس کو بنائیں،غیروں کے طریقہ کو اختیار نہ کریں اور ہر حال میں دین پر مضبوطی سے قائم رہیں اور ہر حال میں اپنے ایمان پر ثابت قدم رہیں ۔ جناب مولانا شمس الحق قاسمی صاحب قاضی شریعت دارالقضاء گریڈیہ نے دارالقضاء کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مسلمان اپنے مسائل دارالقضاء سے حل کروائیں نیز انہوں نے سماج میں پھیلی ہوئی برائیوں ،رسم و رواج خصوصاً جہیز کے لین دین کے نقصانات سے آگاہ کیا۔ جناب مولانا سعید اسعد قاسمی صاحب معاون قاضی شریعت دارالقضاء آسنسول نے تعلیم کی اہمیت اور یکساں سول کوڈ کے نقصانات سےمتعلق لوگوں کو آگاہ کیا ۔ وفد میں شامل مولانا عمران صاحب قاضی شریعت مدھوپور ضلع دیوگھر نے اپنے خطاب میں اصلاح معاشرہ پر روشنی ڈالی اور بچوں کی تعلیم و تربیت پر زور دیا اسی طرح وفد میں شامل مولانا محی الدین صاحب رکن شوریٰ امارت شرعیہ، جناب مولانا سہراب صاحب شیخ الحدیث دارالعلوم ماٹلی والا بھروچ گجرات ،جناب مولانا رضاء الدین صاحب مہتمم دارالعلوم وحیدیہ مہوڑہ،جامتاڑا،جناب مفتی ضیاء الرحمن صاحب جامتاڑا حسب موقع پروگرام میں شریک رہے، واضح رہے آج مورخہ 11 جولائی 2023ء تک یہ وفد مجوزہ پروگرام کے مطابق مختلف مقامات پر دورہ کرتے ہوئے جامع مسجد استا جوڑا ضلع دمکا پہونچا ہے، اب تک جن جگہوں پر اجلاس ہو چکا ہے اس کی تفصیل یہ ہے 8 جولائی کو جامع مسجد راجہ بھیٹہ بعد نماز ظہر،مدرسہ ناشرالعلوم کینوا ڈیہہ بعد نماز مغرب،9 جولائی کو ادھو ڈیہہ بعد نماز ظہر،مدرس ندوۃ الاصلاح جامع مسجد پھکبندی عبداللہ نگر بعد نماز مغرب،10 جولائی کو جامع مسجد دودھانی ضلع دمکا بعد نماز مغرب، جامع مسجد استا جوڑا ضلع دمکا میں پروگرام جاری ہے،ان پروگراموں کو ترتیب دینے اور کامیاب و با مقصد بنانے میں جناب حافظ شہاب الدین صاحب مبلغ امارت شرعیہ و جناب مولانا عثمان صاحب مبلغ امارت شرعیہ اور مقامی علماء و عوام نے اہم رول ادا کیا۔واضح رہے امارت شرعیہ کا یہ مؤقر وفد 14 جولائی 2023 ء تک دورہ جاری رہے گا۔












