بیگوسرائے،9 جولائی (یو این آئی) بہار کے ضلع بیگوسرائے کے ایف سی آئی تھانہ علاقے میں منگل کی صبح کار اور آٹو رکشہ میں ٹکر سے پانچ افراد کی موت ہو گئی اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ آٹو رکشہ میں سفر کرنے والے لوگ ہاتھیدہ جنکشن سے زیرومائل کی طرف جارہے تھے۔ اسی دوران رتن چوک پر ایک تیز رفتار کار نے آٹو رکشہ کو ٹکر مار دی۔ اس حادثہ میں آٹو رکشہ میں سوار پانچ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کا علاج نجی نرسنگ ہوم میں کیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت ضلع کے شمہو تھانہ علاقہ کے بجولیہ گاوں کے رہنے والے سنتو کمار (30)، چھوٹی موجی گاوں کے رہنے والے امندیپ کمار (22)، نتیش کمار (25) کے طور پر کی گئی ہے۔ گڑھ پورہ تھانہ علاقہ کے کنور ٹول، چوداہی تھانہ علاقہ کے راجوپور بنگا گاوں کے رہنے والے گوتم کمار (25) اور وکی پاٹھک (28) نالندہ ضلع کے پواری گوناما گاوں کے رہنے والے ہیں۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔