حیدرآباد 5مارچ(یواین آئی)وزیراعظم مودی نے کہا ہے کہ مرکز تلنگانہ کی ترقی کے لئے پابند عہد ہے اور تلنگانہ جنوبی ہند کا گیٹ وے ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے دو روزہ تلنگانہ دورہ کے حصہ کے طور پر ضلع سنگاریڈی میں 7200کروڑروپئے کے مختلف ترقیاتی پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج دوسرے دن بھی تلنگانہ کے عوام کے ساتھ رہ کر انہیں خوشی محسوس ہوئی ہے۔ ملک بھر میں 56 ہزار کروڑ روپے سے ترقیاتی کام کئے گئے ہیں۔ مودی نے کہا کہ بیگم پیٹ میں ملک کا پہلا سیول ایوی ایشن ریسرچ سنٹر کھولا گیا ہے جس سے ہوا بازی کے میدان میں تلنگانہ کو پہچان ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دس سالوں میں ملک میں ایرپورٹس کی تعداد دوگنی ہو گئی ہے۔ وکست بھارت کی سمت ہماری حکومت کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھٹکیسر۔لنگم پلی کے درمیان ایم ایم ٹی ایس ٹرینیں شروع کی گئی ہیں۔اس کے ساتھ ایم ایم ٹی ایس کا رابطہ کئی علاقوں تک بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں بنیادی سہولیات کے لیے 11 لاکھ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قومی ترقی ریاستوں کی ترقی سے ہی ممکن ہے۔