نئی دہلی، 16 اگست (یو این آئی) کانگریس نے سینئر لیڈر طارق حامد کارا کو جموں و کشمیر پردیش کانگریس کا نیا صدر مقرر کیا ہے۔آج دیر رات یہ جانکاری دیتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے نے ان کے نام کو منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے سینئر لیڈر تارا چند اور رمن بھلا کو ریاستی کانگریس کا ورکنگ صدر بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے سینئر لیڈر وقار رسول وانی کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کا خصوصی مدعو رکن مقرر کیا ہے جو پارٹی کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز ادارہ ہے۔ مسٹر کارا جو اب تک اس عہدے پر فائز تھے، اس ذمہ داری سے سبکدوش ہو گئے ہیں۔پارٹی نے سبکدوش ہونے والے صدر وقار رسول وانی کے بطور صدر کئے گئے کام کی تعریف کی ہے۔
دوسری جانب کانگریس نے کیشو مہتو کملیش کو جھارکھنڈ کانگریس کا نیا صدر بنایا ہے۔اس کے ساتھ ہی پارٹی نے سینئر لیڈر رامیشور اوراون کو جھارکھنڈ اسمبلی میں کانگریس لیجسلیٹو پارٹی کا نیا لیڈر مقرر کیا ہے۔یہ جانکاری دیتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے جمعہ کی رات کہا کہ پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے نے ان تقرریوں کو منظوری دے دی ہے اور نو تعینات عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ فوری اثر سے کام شروع کریں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی نے جھارکھنڈ کانگریس کے صدر کے طور پر سبکدوش ہونے والے صدر راجیش ٹھاکر کے کام کی تعریف کی ہے اور کہا کہ ان کے دور میں پارٹی مضبوط ہوئی ہے۔