دیوبند(دانیال خان)دیوبند کے قریبی ساکھن کلاں گاؤں میں پی ایم کسان سمان ندھی بینیفشری مہم کے تحت چوپال پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں اعلیٰ افسران نے گاؤں کے باشندگان کوحکومتی اسکیموں کے متعلق معلومات فراہم کرائی اور ان کے فوائد سے آگاہ کیا۔ ساتھ ہی وراثت کی بنیاد پر کسان بننے والوں سے عوامی خدمت مراکز کا دورہ کرکے رجسٹریشن کرانے کی اپیل کی گئی۔منعقدہ پروگرام میں ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر دنیش چندر اور ایس ایس پی ڈاکٹر وپن تاڈا نے شرکت کی۔ اس دوران ڈی ایم ڈاکٹر دنیش چندرا نے بتایا کہ پردھان منتری کسان سمان ندھی یوجنا کے تحت اہل افراد کو 100 فیصدفائدہ پہنچانا حکومت کی ترجیح ہے جس کے لیے تمام گرام پنچایتوں میں کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مطلع کیا کہ ایسے کسان جنہیں فی الحال پی ایم کسان یوجنا کی قسطیں مل رہی ہیں وہ بھی اپنے ای کے وائی سی، زمین رجسٹریشن اور آدھار کو این پی سی آئی سے لنک کرا لیں تب ہی وہ آئندہ قسط کا فائدہ حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ جو لوگ وراثت کی بنیاد پر کسان بنے ہیں وہ عوامی خدمت مرکز پر جا کر اپنا رجسٹریشن کرائیں۔ رجسٹریشن کے بعد ان کے ڈیٹا کی تصدیق کی جائے گی پھر انہیں بھی اسکیم کا فائدہ ملنا شروع ہو جائے گا۔ اس کے لیے پروگرام میں افسران کو ضروری احکامات بھی دئے گئے۔ اس دوران ایس ڈی ایم دیوبندسنجیو کمار، بی ڈی او اعظم علی اورتحصیلدار تپن کمار سمیتتحصیل ملازمین موجود تھے۔