شملہ(یو این آئی) ہماچل پردیش میں اپوزیشن کانگریس نے کہا کہ وہ جئے رام ٹھاکر حکومت کے خلاف ماڈل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی فہرست جاری کرنے کی تیاری میں ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ریاست میں 68 سیٹوں کے اسمبلی انتخابات کے لیے مہم زوروں پر ہے اور ریاست میں 12 نومبر کو انتخابات ہونے ہیں۔
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا، پارٹی کی تشہیر مہم کمیٹی کے انچارج سکھوندر سنگھ سکھو، قائد حزب اختلاف مکیش اگنی ہوتری اور اے آئی سی سی ترجمان الکا لامبا ہفتہ کو یہاں راجیو گاندھی پارٹی دفتر میں دوپہر 2 بجے چارج شیٹ جاری کریں گے۔
پارٹی نے مسٹر کلدیپ سنگھ کی صدارت میں ایک چارج شیٹ کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ بی جے پی حکومت کے دور میں ہونے والی گڑبڑیوں کو بے نقاب کیا جاسکے۔
مسٹر اگنی ہوتری نے کہا کہ سابق ایم ایل اے راجیش دھرمانی کی سربراہی میں کمیٹی 15 سے 20 صفحات کی رپورٹ میں 10 سے 11 مسائل کا احاطہ کئے جانے کا امکان ہے۔
کانگریس کی چارج شیٹ میں بی جے پی کو پولیس اور ایچ پی یو ٹیچر بھرتی گھپلہ، سینیٹائزر گھپلہ، منڈی شراب سانحہ اور غیر قانونی پٹاخوں کے سانحہ پر نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ ان سانحات میں 20 افراد کی جان چلی گئی تھی۔ ریاست میں پچھلے پانچ برسوں کے دوران مبینہ گھپلوں اور بدعنوانی کے معاملات کو بے نقاب کرنے کے لئے چارج شیٹ کو اپوزیشن کی طرف سے ایک بڑے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جائے گا ۔خیال ر ہے کہ ہماچل پردیش میں 12 نومبر کو پولنگ ہونے والی ہے۔