شملہ، 13 جولائی (یو این آئی) ہماچل پردیش میں ہفتہ کو تین اسمبلی حلقوں میں ہوئے ضمنی انتخاب کے نتائج میں کانگریس نے دو سیٹوں پر جیت کے بعد اوک اوور میں کانگریس لیڈروں نے جشن منایا۔وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے اس موقع پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے پیسے کی طاقت کو شکست دی ہے اور افرادی قوت جیت گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریاست کے ووٹروں کے ساتھ ساتھ کانگریس پارٹی کے محنتی کارکنوں کی جیت ہے۔ ریاست کے عوام نے ہارس ٹریڈنگ کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے اور ریاست میں سیاسی شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا ووٹ ڈالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیہرہ میں 25 سال بعد کانگریس امیدوار کی جیت ہوئی ہے اور نالہ گڑھ میں بھی کانگریس امیدوار نے بڑے فرق سے کامیابی حاصل کی ہے۔ اب ہماچل پردیش میں کوئی بھی پارٹی آنے والے 50 سالوں میں ہارس ٹریڈنگ کی سیاست کرنے کی ہمت نہیں کر پائے گی اور ریاست کا یہ پیغام پورے ملک کی سیاست میں جائے گا۔مسٹر سکھو نے کہا کہ 28 فروری 2024 کو ریاست میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرکے منتخب حکومت کو گرانے کی سازش رچی گئی تھی لیکن اس تاریخی جیت کے بعد اسمبلی میں کانگریس پارٹی کے ایم ایل ایز کی تعداد ایک بار پھر بڑھ کر 40 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف جے رام ٹھاکر نے بار بار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی دو حکومتیں بنانے کی بات کی، لیکن ان کا آپریشن لوٹس ناکام رہا۔ عوام سے سبق حاصل کرنے کے باوجود اپوزیشن لیڈر ریاست کے عوام کو دھوکہ دینے اور گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔