نئی دہلی 12 جولائی (یو این آئی) آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت 34.7 کروڑ آیوشمان کارڈ بنائے گئے ہیں اور 7.35 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے، جس کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم ادا کی گئی ہے۔مرکزی صحت و خاندانی فلاح و بہبود کے وزیر جگت پرکاش نڈا نے جمعہ کو نیشنل ہیلتھ اتھارٹی (این ایچ اے) کے سینئر افسران کے ساتھ آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا ( پی ایم جے اے وائی) اور آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن (اے بی ڈی ایم) کا جائزہ لیا۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت 34.7 کروڑ آیوشمان کارڈ جاری کیے گئے ہیں اور 7.35 کروڑ لوگوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی ادائیگی کی گئی ہے۔این ایچ اے کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر دیپتی گوڑ مکھرجی نے مرکزی وزیر کو اسکیموں کی نمایاں خصوصیات، موجودہ صورتحال اور ان کے کام کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔
اس کے علاوہ این ایچ اے نے فہرست میں شامل ہسپتالوں کے نیٹ ورک کو مضبوط کرنے اور ان سے مؤثر طریقے سے جڑنے کا منصوبہ پیش کیا۔مرکزی وزیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان ویژنری اسکیموں کے فوائد سماج کے سب سے زیادہ ضرورت مند اور کمزور طبقوں تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ پی ایم جے اے وائی کے مؤثر نفاذ میں رکاوٹ بننے والے چیلنجوں اور مسائل کو ریاستوں کے ساتھ تال میل کے ذریعے جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے این ایچ اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ مستقل بنیادوں پر ریاستوں کے ساتھ رابطہ قائم کرے تاکہ موجودہ مسائل کو گہرائی سے سمجھا جاسکے اور مل کر حل کیا جاسکے۔