شملہ (یو این آئی) کانگریس کی اسٹار کمپینر اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ جس دن ہماچل پردیش میں کانگریس کی حکومت بنے گی، کابینہ کی پہلی میٹنگ میں ایک لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی جو کہہ رہی ہے وہ کرکے دکھائے گی۔ پیر کو منڈی کے پڈل گراؤنڈ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ گاندھی نے کہا کہ اگر ریاست میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو وہ ہر سال ایک لاکھ نوکریاں اور پانچ سالوں میں پانچ لاکھ نوکریاں دے گی۔
اس سے قبل ریلی میں پہنچنے سے پہلے انہوں نے بابا بھوت ناتھ مندر میں ماتا ٹیکا۔ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ ہر پانچ سال بعد حکومت بدلنے کی جو روایت آپ نے بنائی ہے اسے مت بدلیں۔ یہ ایک اچھی روایت ہے۔ اس سے لیڈروں کا دماغ درست رہتا ہے۔ ہماچل ثقافت اور روایات کی ریاست ہے۔
محترمہ گاندھی نے الزام لگایا کہ گجرات سے لے کر ہماچل پردیش تک عوام بی جے پی کی ناکام پالیسیوں سے ناراض ہیں۔ بی جے پی کی قیادت والی حکومتوں کی پالیسیاں صرف اپنے صنعتکار دوستوں کے لیے ہیں۔ کسانوں کو اپنی فصلوں کی قیمتیں مقرر کرنے کا حق نہیں ہے۔ ان کا فیصلہ صنعتکار کررہے ہیں۔ ایسے حالات میں عوام کو ہوشیار رہنا ہوگا۔ یہ سیاست ہماچل پردیش میں پچھلے پانچ سالوں سے چل رہی ہے۔ کیا آپ انہیں مزید پانچ سال دیں گے؟ کیا بی جے پی نے آپ سے کیے گئے وعدے پورے کیے ہیں؟
انہوں نے سابق وزیر اعلی ویربھدر سنگھ کے کاموں کو بھی گنوایا اور کہا کہ بی جے پی کے وزیر اعلی منڈی ضلع سے ہیں لیکن انہوں نے یہاں کچھ نہیں بنایا، صرف خود غرضی کی سیاست کی ہے۔ چھتیس گڑھ میں کسانوں کے قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، وہ حکومت کے قیام کے پہلے ہی دن پورا ہوگیا۔ ہماچل پردیش میں سرکاری محکموں میں 63 ہزار آسامیاں خالی ہیں۔ انہیں بھرا نہیں جارہا ہے، اس پر حکومت نے فوج میں بھرتی کی اگنی ویر اسکیم لا کر نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ دودھ، دہی، آٹا، سرسوں کے تیل اور سیب کے باغات کی پیکنگ میٹریل پر ٹیکس عائد کیا گیا۔
انہوں نے کانگریس امیدواروں کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ اندرا کو ہماچل پردیش سے پیار اور لگاؤ تھا۔ گاؤں گاؤں میں ان کی دادی کی باتیں ہوتی ہیں۔ ان کے انتقال کے بعد ملک کی سیاست بدل گئی۔ آج پیسہ اور میڈیا کا غلبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ہماچل پردیش کی تشکیل ہورہی تھی تو کئی لوگوں نے احتجاج کیا تھا۔ بہت سے لوگ کہتے رہے کہ پہاڑی ریاست نہیں چلے گی۔ محترمہ اندرا گاندھی اور یشونت سنگھ پرمار نے ہماچل پردیش بنایا۔ یہاں وقف کرنے کی روایت ہے۔ ہماچل کے لوگوں میں خوداری ہے، روایت ہے، وہ اسے بدل نہیں سکتے۔ پانچ سال حکومت بدلنے کی روایت بہت اچھی ہے۔ لیڈروں کو ان کی حقیقت کا پتہ چل جاتا ہے۔
قبل ازیں محترمہ واڈرا نے اسٹیج پر محترمہ اندرا گاندھی اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد گجرات کے موربی میں ہونے والے حادثے پر غم کا اظہار کیا اور اسٹیج پر ہی خاموشی اختیار کرتے ہوئے مرنے والوں کی روحوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔