نئی دہلی، 01 اپریل (یو این آئی) کانگریس نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لئے منشور کو پوری طرح سے تیار کر لیا ہے اور اسے 5 اپریل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں جاری کیا جائے گا۔
یہ معلومات دیتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری۔ تنظیم کے سی وینوگوپال نے کہا کہ پارٹی کے سرکردہ لیڈروں نے گہرے گفت و شنید کے بعد منشور کو جاری کرنے کی تیاری کی ہے اور اسے ویژن دستاویز کا نام دیکر 5 تاریخ کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا، "پورے ملک کے لوگوں کے ساتھ وسیع بات چیت کے بعد کانگریس 5 اپریل کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں اپنا ویژن دستاویز منشور جاری کرے گی۔ اس کے بعد ہم 6 اپریل کو جے پور اور حیدرآباد میں دو بڑی ریلیوں کا بھی اہتمام کریں گے۔
مسٹر وینوگوپال نے کہا، "جے پور میں کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی اور سابق صدر راہل گاندھی ریلی سے خطاب کریں گے۔ محترمہ پرینکا گاندھی جے پور میں ریلی سے خطاب کریں گی اور ساتھ ہی منشور کا اجراء کریں گی۔ راہل بھی اس ریلی سے خطاب کریں گے۔ حیدرآباد میں مینی فیسٹو لانچ میگا ریلی سے بھی خطاب کریں گے۔
انہوں نے کہا، "ہماری توجہ ہمیشہ سے ملک کو فلاحی، ترقی کے حامی نقطہ نظر دینے پر مرکوز رہی ہے اور اس الیکشن میں بھی اسے عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔”












