رانچی(ہندوستان ایکسپریس نیوز بیورو)جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے ورکنگ صدر ہیمنت سورین نے جمعرات کی شام راج بھون میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ ایک دن پہلے یعنی بدھ کی شام جھارکھنڈ کے وزیر اعلی چمپائی سورین نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد ہیمنت سورین نے حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا تھا۔ یاد رہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سات گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کے بعد ہیمنت سورین کو 31 جنوری 2024 کو گرفتار کیا۔ گرفتاری سے قبل ہیمنت سورین راج بھون گئے تھے اور وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔استعفیٰ کے بعد چمپئی سورین کو جے ایم ایم قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیاتھا اور 5 فروری کو چمپائی سورین کی نئی حکومت نے 47 ایم ایل ایز کی حمایت سے ایوان میں اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔
28 جون کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے مبینہ زمین گھوٹالے میں ہیمنت سورین کو ضمانت دی تھی۔ اسی دن جمعہ کو وہ جیل سے باہر آگئے تھے۔ بعد ازاں3 جولائی کو چیف منسٹر چمپائی سورین کی رہائش گاہ پر انڈیا الائنس کی میٹنگ ہوئی اور ایک بار پھر ہیمنت سورین کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔