نئی دہلی (یواین آئی) شمالی دہلی کے موریس نگر علاقے میں بدمعاشوں نے جمعرات کی دیر رات دہلی پولیس کے سب انسپکٹر کی کار کا شیشہ توڑ کر اس میں رکھا لیپ ٹاپ بیگ چوری کر لیا۔ بیگ میں ایس آئی کا سروس پستول تھا جس میں سات کارتوسوں سے بھرا میگزین اور دیگر اشیاء تھیں۔پولیس حکام کے مطابق کرائم برانچ ایسٹ زون میں تعینات ایس آئی گمن سنگھ اپنے بیچ میٹ اور آئی ایف ایف ایس او یونٹ دوارکا میں تعینات سب انسپکٹر اتل کے ساتھ موریس نگر کے کیروڑی مل کالج کے قریب ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے گئے تھے۔ اس دوران وہ اپنا بیگ جس میں سروس پستول، لیپ ٹاپ، پین ڈرائیو، چار ہزار روپے اور دیگر سامان موجود تھا، گاڑی کی پچھلی سیٹ پر چھوڑدیا تھا۔
دونوں کھانا کھا کر واپس آئے تو دیکھا کہ گاڑی کا شیشہ ٹوٹا ہوا تھا اور بیگ غائب تھا۔ واقعہ کی اطلاع فوری طور پر مقامی پولیس کو دی گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ جائے وقوعہ کے ارد گرد نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے۔