قنوج:13مئی(یواین آئی) سماج وادی پارٹی(ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے پیر کو کہ اکہ بی جے پی کی بے ایمانی کے باوجود الیکشن اچھا چل رہا ہے اور چار جون کو بی جے پی کی وداعی یقینی ہے۔قنوج کے ایک پولنگ بوتھ پر پہنچے یادو نے دعوی کیا کہ ایس پی اور انڈیا اتحاد الیکشن جیت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا’ کئی بوتھوں سے شکایات آرہی تھیں۔ اس لئے ہمیں مجبوری میں آنا پڑا۔ ہمارے آتے ہی بی جے پی کے غنڈے فرار ہوگئے۔ بی جے پی کی بے ایمانی کے بعد بھی الیکشن اچھا چل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں کی بات کوئی نہیں سننا چاہتا ہے۔ قنوج میں صبح سے ہی بی جے پی کے غنڈے گڑبڑی کررہے تھے۔ اس الیکشن میں بی جے پی کی وداعی یقینی ہے۔ بی جے پی لیڈروں کی پرانی تقریریں اب کوئی نہیں سن رہا ہے۔ عوام نے بی جے پی کی منفی سیاست کو ناکار دی اہے۔ بی جے پی خود اپنے کھودے ہوئے گڑھے میں گر گئی ہے۔
ایس پی صدر نے کہا’ووٹر کو ووٹ ڈالنے سے روکنا جرم ہے۔ کوئی بھی عوام کے ووٹ ڈالنے کے راستے میں نہ آئے۔ ووٹ ڈالنا ہر شخص کا آئینی حق ہے۔بی جےپی اقتدار کا غلط استعمال کر کے لوگوں کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کی سازش کررہی ہے۔ اس کے بارے میں عوام کو پتہ چل گیا ہے۔ بی جے پی شرپسند عناصر کی طرح تشدد پر آمادہ ہے۔
یادو نے کہا کہ ایس پی حمایتی لوک سبھا الیکشن کے ہر مرحلے میں ہر ظلم اور تشدد کا مقابلہ کر کے بھی اپنا ووٹ ڈالیں گے۔ بی جے پی کے انتخابی گھپلے بازی کی پول کھل چکی ہے۔ اور بی جے پی کے اندر آپس میں ہی الزامات کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ بی جے پی الیکشن بری طرح سے ہاررہی ہے۔