حیدرآباد( ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک) ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو عالمی معیار کی سہولتوں کے ساتھ ترقی دینے کا منصوبہ بنایا ہے جس پر 699 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ یہ پراجکٹ 36 ماہ میں مکمل کرنے کے نشانہ کے ساتھ کنٹراکٹر کے حوالے کیا گیا۔ یہ پراجکٹ ملک بھر میں ریلوے اسٹیشنوں کو عالمی معیار کی سہولتوں کے ساتھ ترقی دینے سے متعلق پروگرام کا حصہ ہے۔ سکندرآباد ساؤتھ سنٹرل زون کا واحد ریلوے اسٹیشن ہے جسے این ایس جی 1 اسٹیشن کا درجہ حاصل ہے۔ اس اسٹیشن کی آمدنی سالانہ 500 کروڑ اور مسافرین کی تعداد 20 ملین ہے۔ اوسطاً سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر روزانہ تقریباً 200 ٹرینیں گذرتی ہیں اور 1.8 لاکھ مسافرین استفادہ کرتے ہیں۔ مستقبل میں ٹرینوں کی تعداد اور مسافرین میں اضافہ کا امکان ہے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے ماسٹر پلان تیار کیا ہے جس میں عالمی معیار کی سہولتوں کے ساتھ اسٹیشن کامپلکس تعمیر کیا جائے گا جس میں بنیادی انفرا اسٹرکچر سہولتیں دستیاب رہیں گی جس سے مسافرین کو فائدہ ہوگا۔ منصوبہ میں مسافرین کی آمد اور روانگی کے علاقوں کو ترقی دینے کے علاوہ پارکنگ کی بہتر سہولتیں اور اہم سڑکوں سے مربوط کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔ اسٹیشن کے شمالی سمت تین منزلہ نئی عمارت تعمیر کی جائے گی جبکہ جنوبی سمت بھی تین منزلہ عمارت رہے گی۔ دو منزلہ ملٹی لیول پارکنگ کے علاوہ شمالی سمت پارکنگ کے علحدہ انتظامات رہیں گے۔ مسافرین کیلئے دو واک ویز تعمیر کئے جائیں گے۔ موجودہ پلیٹ فارم کی تزئین نو کے علاوہ آمد و روانگی کیلئے علحدہ بلاکس تعمیر کئے جائیں گے۔ر












