انہیں لیجسلیچر پارٹی میٹنگ میں بی جے پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا
بھوپال ( یواین آئی/ ایجنسیاں ) ڈاکٹر موہن یادو مدھیہ پردیش کے نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔انہیں آج منعقد لیجسلیچر پارٹی میٹنگ میں بی جے پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔ وہ ریاست کے اعلیٰ تعلیم کے وزیر ہیں۔ دیگر پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر یادو اُجین ساؤتھ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہیں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی پسند مانا جارہا ہے۔
नवनिर्वाचित विधायक दल…????
— Dr Mohan Yadav (@DrMohanYadav51) December 11, 2023
भारतीय जनता पार्टी मध्यप्रदेश।@BJP4India @BJP4MP @JansamparkMP pic.twitter.com/KtFnAYer1b
موہن یادو تیسری بار ایم ایل اے بنے ہیں۔ وہ شیوراج سنگھ چوہان کی حکومت میں اعلیٰ تعلیم کے وزیر تھے۔ موہن یادو کے نام کے اعلان کے ساتھ ہی شیوراج سنگھ چوہان کی رخصتی طے ہو گئی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں ریاست کی 230 اسمبلی سیٹوں میں سے 163 پر کامیابی حاصل کی ہے۔ بی جے پی نے انتخابات سے پہلے وزیر اعلی کے طور پر کسی لیڈر کا نام آگے نہیں کیا تھا۔
نتائج کا اعلان 3 دسمبر کو کیا گیا۔ آج ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر اور تین مبصرین کی موجودگی میں نئے ایم ایل اے کی میٹنگ ہوئی۔ اس میں موہن یادو کو لیڈر منتخب کیا گیا۔میٹنگ کے دوران ہی انہوں نے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر نئے ایم ایل اے کے گروپ فوٹو کی تصویر بھی پوسٹ کی۔
موہن یادو پہلی بار 2013 میں ایم ایل اے بنے تھے۔ وہ آر ایس ایس کے قریبی ہیں ۔ موہن یادو اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد سے بھی جڑے رہے ہیں۔ وہ مدھیہ پردیش ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر ہیں۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں انہوں نے اجین جنوبی سیٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ تقریباً 13 ہزار کے فرق سے جیت گئے۔












