دبئی: دبئی میں اگلے سال سمندر میں زیر تعمیر شدہ مسجد کا افتتاح کیا جائے گا، اس مسجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے زیر سمندر ہال ہوگا۔ یہ مسجد دبئی واٹر کینال میں ‘محکمہ اسلامی امور اور فلاح’ تعمیر کر رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ مسجد میں تین منزلیں ہوں گی جہاں 50 سے 75 افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہوگی۔ حکام نے آج مسجد کی نظر کو بھانے والی کئی تصاویر شیئر کیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ مسجد کس قدر خوبصورت ہوگی۔حکام نے کہا کہ سمندر پر تعمیر شدہ مسجد امارات میں سیاحوں کیلئے بہت کشش کا باعث ہوگی، سیاحوں کو نماز پڑھنے یا صرف مسجد دیکھنے کیلئے بھی جانے کی اجازت ہوگی۔سمندر کے اوپر تعمیر ہونے والی دو منزلوں میں اسلامی لیکچر اور ورکشاپس کیلئے ہال ہوگا۔ یہ مسجد زمین سے بھی جڑی ہوگی، تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے، اسے سیاحوں کیلئے اگلے برس کھول دیا جائے گا۔تمام عقائد کے افراد کو مسجد آنے کی اجازت ہوگی بشرطیکہ وہ مناسب لباس پہنیں اور اسلامی روایات کے مطابق برتاؤ رکھنا ہوگا۔مسجد میں داخلے کیلئے خواتین کو اپنے سر اور کندھے ڈھانپنا ہوں گے۔
ڈاکٹر عبداللہ عبدالجبار، جواس منصوبے کے ڈائریکٹر ہیں، نے امارات کی مساجد کو وسیع تر سامعین کے ساتھ شیئر کرنے کے اپنے وژن کے بارے میں بتایا۔انہوں نے کہا کہ رمضان اور عید جیسے اہم مذہبی تہواروں کے دوران ملک کی بھرپور ثقافت کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی تاریخی اور جدید مساجد امارات میں دیکھنے کی مستحق ہیں۔ان کے بقول "ہم مذہبی سیاحت کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف مساجد میں دوروں کا اہتمام کریں گے۔” ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے زائرین کو راغب کرنے کے لیے رمضان اور عید کے اوقات سے فائدہ ہوگا۔ وہ آگے بتاتے ہیں کہ”یہ زائرین کے لیے اسلامی ثقافت اور اماراتی روایات کو دریافت کرنے کا ایک موقع بھی ہے۔اسلامک افیئرز اینڈ چیریٹیبل ایکٹیویٹیز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق یہ "تیرتی ہوئی مسجد امارات میں ایک اہم توجہ کا مرکز ہو گی۔” اسلامک افیئرز اینڈ چیریٹیبل ایکٹیویٹیز ڈیپارٹمنٹ کے ثقافتی کمیونیکیشن کنسلٹنٹ احمد خلفان المنصوری نے کہا کہ یہ مسجد ان متعدد منصوبوں میں سے ایک ہے جس کا مقصد سیاحوں کو دبئی میں مذہبی مقامات کی طرف راغب کرنا ہے۔