بنگلورو: کرناٹک کا والمیکی کارپوریشن گھوٹالہ غیر بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں ای ڈی جیسی ایجنسیوں کے استعمال پر مرکز کے ساتھ تناؤ کی ایک نئی مثال بن گیا ہے۔کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے والمیکی کارپوریشن گھپلا معاملے میں کانگریس کے دو ایم ایل اے بی ناگیندر اور سنگودا دادل کے ساتھ عہدیداروں کی جائیدادوں پر ای ڈی کے چھاپے کو ‘نامناسب’ قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ کانگریس ایم ایل اے بی ناگیندر پر ای ڈی نے آج علی الصبح کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ مہارشی والمیکی شیڈولڈ ٹرائب ڈیولپمنٹ کارپوریشن میں 88 کروڑ روپے کے غبن کا انکشاف ہونے کے بعد ناگیندر نے 6 جون کو شیڈولڈ ٹرائب ویلفیئر منسٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ جبکہ دادل کارپوریشن کے چیئرمین ہیں۔ای ڈی نے کارپوریشن کے دفتر، ایم ڈی کی رہائش گاہ اور دیگر ملزمان کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔شیوکمار نے اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاستی حکومت نے پہلے ہی اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی۔ ای ڈی کے چھاپوں کی ضرورت نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی ٹی کو پہلے ہی پتہ چلا ہے کہ ناگیندر اور دادل اس گھوٹالے میں ملوث نہیں ہیں۔
یہ گھوٹالہ اس وقت سامنے آیا جب کارپوریشن کے اکائونٹنٹ سپرنٹنڈنٹ نے 26 مئی کو خودکشی کر لی۔ایک طویل سوسائڈ نوٹ میں، اس نے بنگلورو اور تلنگانہ میں کئی کمپنیوں کو 88.62 کروڑ روپے کی غیر قانونی منتقلی کے بارے میں لکھا تھا۔یہ رقم یونین بینک آف انڈیا کے اکاؤنٹ سے منتقل کی گئی تھی۔بینک کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کے بعد سی بی آئی اس معاملے میں سرگرم ہوگئی۔