نئی دہلی (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے رائے پور علاقائی دفتر نے حال ہی میں بھارت مالا یوجنا کے تحت رائے پور-وشاکھاپٹنم ہائی وے پروجیکٹ کے ضمن ميں زمین کے حصول کے لیے مبینہ غیر قانونی معاوضے کے سلسلے میں رائے پور اور مہسمند، چھتیس گڑھ میں دس مقامات پر چھاپہ مارا۔
ای ڈی کے رائے پور علاقائی دفتر نے بدھ کے روز یہ اطلاع دی۔ ذرائع نے بتایا کہ کیس کے سلسلے میں ہرمیت سنگھ خانوجا کے گھر اور دفاتر سمیت دس مقامات کی تلاشی لی گئی۔
ای ڈی نے انسداد بدعنوانی بیورو/اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو)، رائے پور کی طرف سے نربھیے ساہو، اس وقت کے سب ڈویژنل آفیسر (ریونیو)، ابھان پور، رائے پور، اور دیگر کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ اور تعزیرات ہند (بی این ایس) کی مختلف دفعات کے تحت درج کی گئی ایف آئی آر کی بنیاد پر تحقیقات کا آغاز کیا۔
ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزم نے سرکاری افسران کے ساتھ ملی بھگت کرکے رائے پور-وشاکھاپٹنم ہائی وے پروجیکٹ کی زمین کے حصول کے لیے سرکاری ریکارڈ میں ہیرا پھیری کرکے غیر قانونی معاوضہ حاصل کیا۔ ای ڈی کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزمین نے کچھ سرکاری ملازمین کے ساتھ مل کر دھوکہ دہی سے بھارت مالا پروجیکٹ کے تحت حاصل کی گئی زمین کے لیے حد سے زیادہ معاوضہ حاصل کیا۔
تلاشی مہم کے نتیجے میں 40 لاکھ روپے نقد، ڈیجیٹل آلات اور مختلف مشتبہ دستاویزات ضبط کیے گئے۔ مزید برآں، چھاپے کے دوران، پی او سی سے منسلک افراد کے نام پر حاصل کی گئی متعدد منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی، جو کہ جرم سے حاصل ہونے والی آمدنی تھی۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔












